علماءاکیڈمی منصورہ کے زیر اہتمام عازمین حج کیلئے تربیت گاہ کا اہتمام

علماءاکیڈمی منصورہ کے زیر اہتمام عازمین حج کیلئے تربیت گاہ کا اہتمام

لاہور(سٹاف رپورٹر)علما اکیڈمی منصورہ کے زیراہتمام الحمرا ہال میں گزشتہ روز عازمین حج کے لیے تربیت گاہ کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر علما اکیڈمی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، مفسر قرآن مولانا ڈاکٹر محمد اسلم صدیقی اور سابق ڈائریکٹر حج فروغ آفتاب زیدی نے مختلف موضوعات پر خطاب کیا اور عازمین حج کو مفید معلومات فراہم کیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت حجاج کرام کو حاجی کیمپ سے ہی زر مبادلہ مارکیٹ ریٹ پر فراہم کرے تاکہ حجاج کرام قربانی اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیا خرید سکیں ۔ حجاج کرام کے لیے حرم کے قریب رہائش گاہیں حاصل کی جائیں ، عازمین حج کے لیے صحت کی سہولیات کے لیے کوالیفائڈ میڈیکل سٹاف بھجوایا جائے۔ انہو ں نے کہاکہ علما اکیڈمی 21 برس سے عازمین حج کی تربیت کے لیے پروگرام منعقد کر رہی ہے امسال خواتین کے لیے الگ تربیت گاہ کابھی اہتمام کیا جائے گا۔ سابق ڈائریکٹر حج سید فروغ آفتاب زیدی نے کہاکہ عازمین حج اپنے ساتھ بہت کم سامان لے کر جائیں ۔ اپنا پاسپورٹ اور دیگر ضروری کاغذات کسی کے حوالے ہر گز نہ کریں ۔ عازمین حج پاکستان سے اپنی فلائٹ شیڈول اور سعودی عرب سے واپسی پر اپنی فلائٹس شیڈول کے بارے میں فلائٹ انکوائری کے عملہ کے ساتھ رابطہ رکھیں ۔ ڈاکٹر محمد اسلم صدیقی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حج کرنا مسلمان مرد و عورت کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے خصوصی انعام ہے ۔ مثالی نظم و ضبط ، تقویٰ اور اخلاص کے ساتھ تمام مناسک حج ادا کرنے سے ہی حج کا اصل مقصد پورا ہوتاہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...