تحریک انصاف کی درخواست سماعت کیلئے منظور، خواجہ سعد رفیق سمیت تمام امیدوارالیکشن ٹربیونل میں طلب
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن ٹربیونل لاہور نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف انتخابی دھاندلی سے متعلق تحریک انصاف کے حامد خان کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی ہے۔ٹربیونل نے پہلے مرحلے میں حلقہ کے تمام امیدواروں کو 28 اگست کو طلب کر لیا ہے۔تحریک انصاف کے امیدوار حامد خان نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف انتخابی دھاندلی کی درخواست دے رکھی تھی جسے الیکشن ٹربیونل لاہور کے جج نے سماعت کے لئے منظور کر لیا ہے۔درخواست میں حامد خان نے الزام لگایا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے پہلے ایل ڈی اے کے ملازمین کو پولنگ سٹیشنوں پر تعینات کرایا پھر پولنگ کے دوران متعدد پولنگ سٹیشنوں پر دھاندلی کرائی۔ تحریک انصاف کے حامد خان نے مطالبہ کر رکھا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اسے نااہل قرار دیا جائے۔