یوکرین, صدر نے پارلیمان تحلیل کر دی ،26اکتوبر کو انتحابات کرانے کا اعلان
کیف (آن لائن)یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے پارلیمان کو تحلیل کر کے ملک میں نئے انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب یوکرین کے مشرق میں حکومت اور روس نواز باغیوں میں لڑائی جاری ہے۔پیٹرو پوروشینکو کا کہنا کہ پارلیمان کے متعدد ارکان معزول کیے جانے والے صدر وکٹر یانوکووچ کے حامی تھے جبکہ یوکرین کی اکثریت نئے پارلیمان چاہتی تھی۔ صدر نے ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتخابات 26 اکتوبر کو ہوں گے۔اپنے خطاب میں یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے کہا کہ انھوں نے ملک کے آئین کے مطابق عمل کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اگر حکمران اتحاد 30 دن تک پارلیمان میں حکومت نہ بنا سکے تو ہر صورت نئے انتخابات منعقد کروائے جائیں۔دوسری جانب یوکرین کی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی روس سے آنے والی بکتر بندگاڑیوں میں موجود باغیوں سے جھڑپ ہوئی ہے۔مشرقی یوکرین میں علیحدگی پسندوں اور یوکرین کی فوج کی جنگ میں گذشتہ چند ماہ میں دو ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ تین لاکھ 30 ہزار سے زیادہ کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔روس نواز علیحدگی پسند چار مہینوں سے یوکرین حکومت کے خلاف ملک کے مشرقی علاقے میں برسر پیکار ہیں اور انھوں نے یوکرین سے علیحدگی کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس جنگ کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں اور بہت سے بھاگ کر روس چلے گئے ہیں۔یوکرین کی فوج نے دونیتسک کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہاں کے لوگوں کو خوراک اور بجلی کے حصول میں دقت کا سامنا ہے۔
اس سے قبل یوکرین کی فوج نے کہا تھا کہ اس کی روس سے آنے والی بکتر بندگاڑیوں میں موجود باغیوں سے جھڑپ ہوئی ہے۔
