قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹ بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس
لاہور)جنرل رپورٹر)ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کی زیر صدارت عید الاضحی(بکرا عید)کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے سیل پوائنٹ بنانے اور اس حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ٹا ؤن ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز،اسسٹنٹ کمشنرز،ٹی ایم اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی سی او لاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کی سہو لت کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر قربانی کے جا نوروں کی فروخت کے لیے مناسب سیل پوائنٹس بنا رہی ہے اور ان پر اعلیٰ قسم کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک شالیمار ٹا ؤن میں اے ون چائنہ سکیم گجر پورہ،علامہ اقبال ٹا ؤن میں بکر منڈی شاہ پور کانجراں ملتان روڈ،واہگہ ٹا ؤن میں بسم اللہ ہا ؤسنگ سکیم جی ٹی روڈ ،نشتر ٹا ؤن میں ایل ڈی اے ایو نیو رائے ونڈ روڈ ،گلبرگ ٹا ؤن میں ڈیفنس روڈ کا چھا نزد اے پی ایس فیکٹری فیروز پور روڈ اور داتا گنج بخش ٹا ؤن اور راوی ٹا ؤن میں سگیاں پل پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کے سیل پوائنٹس کا انتخاب کر لیا گیا ہے جبکہ عزیز بھٹی ٹا ؤن میں سیل پوائنٹ کی جگہ کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی او لاہور نے متعلقہ افسران کو ہدا یت کی کہ ان سیل پوائنٹس پر پارکنگ،واٹر سپلائی،ٹینٹ،لائٹنگ،واش رومز،سکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات کیے جائیں اور یہ انتظامات عید الاضحی سے15روز قبل پورے کر لیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس کی آگا ہی کے لیے ان سیل پوائنٹس کی مناسب تشہیر کی جائے اور شہر کے اہم مقامات پر بینرز اور سٹیمرز آویزاں کیے جائیں۔ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیل پوائنٹس پر یو بی ایل، الفلاح اور پنجاب بینک کے کا ؤنٹرز لگانے کے لیے ان بینکوں کی انتظامیہ سے بات چیت کر رہی ہے۔
