طاہر القادری کی حکومت کو دی گئی 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن ختم، اسحاق ڈار کنٹینر میں پہنچ گئے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی حکومت کی دی گئی 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے اور حکومت کی جانب سے طاہرالقادری کو منانے کی کوششیں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے کچھ ہی دیر بعد حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے رکن اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، زاہد حامد اور وزیراعظم نواز شریف کے کزن جاوید شفیع طاہر القادری کو منانے کیلئے پہنچ گئے ہیں۔ عوامی تحریک کے کارکنان کفن میں ملبوس ہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھرپورتیاری کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں ایم کیو ایم نے اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ طاہر القادری کے مطالبے پر سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے حکومتی مذاکرات کاروں کو اہم پیغام دے دیا ہے جس کے بعد اسحاق ڈار، زاہد حامد اور وزیراعظم کے کزن جاوید شفیع مکمل اختیارات کے ساتھ طاہر القادری سے مذاکرات میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت کو 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دی تھی اور کہا تھا کہ حکمران استعفے دے کر گھروں کو چلے جائیں اور اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کفن بھی ہوا میں لہرایا تھا اور کہا تھا کہ یہ انہوں نے اپنے لئے منگوایا ہے تاہم یہ کفن یا تو نواز شریف کا اقتدار پہنے گا یا وہ خود پہنیں گے، 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد یا تخت ہوگا یا پھر تختہ ہو گا۔
