بلاک بسٹر فلم ’ ’لگان‘ ‘میں کام سے انکار کر دیا تھا: عامر خان

بلاک بسٹر فلم ’ ’لگان‘ ‘میں کام سے انکار کر دیا تھا: عامر خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی وڈ اداکار عامر خان نے پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلم ’لگان‘ کی کہانی کو بیکار قرار دیتے ہوئے کام سے انکار کر دیا تھا۔عامر خان کی 17 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’لگان‘ بالی وڈ کی شہرہ آفاق فلموں میں سے ایک ہے۔ فلم میں عامرخان، گریسی سنگھ سمیت کئی اداکاروں نے اہم کردار کیے تھے جب کہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض اشوتوش گواریکر نے سر انجام دیئے تھے۔فلم ’لگان‘ نے کئی ملکی و غیر ملکی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے تھے اور فلم نے ’آسکر‘ ایوارڈز کی نامزدگی میں بھی جگہ پائی تھی لیکن اب خود عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ’لگان‘ میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔عامر خان نے گزشتہ دنوں ایک تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے کہا کہ لوگ میری فلموں کی کامیابی کا کریڈٹ مجھے دیتے ہیں کیوں کہ میری ساری فلمیں کامیاب ہوئی ہیں لیکن میں نے ایسی کم ہی فلمیں کی ہیں جن کا اسکرپٹ میرے لیے لکھا گیا ہو۔انہوں نے کہا کہ کہانی اور اسکرین پلے میں بہت فرق ہوتا ہے اس لیے کہانی پر کسی چیز کا نتیجہ اخذ نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ جب میں نے ’لگان‘ کی کہانی 5 منٹ سنی تھی تو میں نے کام سے انکار کر دیا تھا۔عامر خان کا کہنا تھا کہ اشوتوش نے کہانی سنائی کہ کچھ بھارتی اپنا ’لگان‘ معاف کرانے کے لیے 1895 میں انگریز کے مدمقابل کرکٹ کھیلتے ہیں جس پر میں نے کہا کہ یہ بیکار آئیڈیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میرے انکار کے 3 ماہ بعد پھر اشوتوش کی کال آئی کہ ایک اور اسکرپٹ سنانا ہے جس پر میں نے ان سے پوچھا کہ یہ وہی ’کرکٹ‘ والی فلم ہے؟ اس پر اشوتوش نے ایک بار اسکرپٹ سننے کی درخواست کی تو میں نے بھی سوچا کہ سن کر انکار ہی کرنا ہے تو سن لیتے ہیں۔عامر خان کا کہنا تھا کہ جب میں نے دوبارہ ’لگان‘ کی اسکرین پلے سنی تو یقین نہیں آیا کہ وہی فلم ہے اور میں پہلے ہی لائن سے اس کردار سے جڑگیا اور فلم میں فوراً کام کرنے کی حامی بھرلی۔
یاد رہے کہ فلم ’لگان‘ بھارت کی چند شہرہ آفاق فلموں میں سے ایک ہے جس نے اپنی ریلیز کے وقت سب سے زیادہ کمائی کی تھی۔

مزید :

کلچر -