ایشین گیمز،نرگس کو براؤنز میڈل جیتنے پر واپڈاکی مبارک

ایشین گیمز،نرگس کو براؤنز میڈل جیتنے پر واپڈاکی مبارک

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے اپنی کراٹے کی کھلاڑی نرگس کو 18ویں ایشین گیمز میں خواتین کے 68کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری مقابلوں میں برونز میڈل جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔واپڈا کی کھلاڑی نرگس ایشین گیمز میں کراٹے مقابلوں میں برونز میڈل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین اور دیگر اعلیٰ آفیسرز نے کراٹے کی کھلاڑی نرگس کی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تحسین کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ واپڈا کے کھلاڑی مستقبل میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کانام روشن کرتے رہیں گے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے 21ویں کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے ایک سونے اور چار برونز کے تمغے حاصل کئے جن میں سے ایک سونے اور تین برونز میڈل واپڈا کے کھلاڑیوں نے جیتے۔واپڈا گزشتہ پانچ عشروں سے پاکستان میں کھیلوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کی بہتری کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ واپڈا اس وقت سپورٹس کے 33کھیلوں میں قومی چیمپین جبکہ 18کھیلوں میں رنرز اپ ہے۔ واپڈا پاکستان میں کھلاڑیوں کو ملازمت فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں میں 2ہزار ایک سو سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز کو ملازمت دی گئی ہے۔ واپڈا کی مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 66ٹیمیں ہیں جن میں سے 37مرد اور 29خواتین کی ٹیمیں ہیں۔واپڈا نے ملک میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے 4نئے اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ ان اقدامات میں واپڈا سپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ، واپڈا اتھلیٹکس کولٹس ، فوکس آن فٹنس اینڈ فیلڈنگ اور T-12کرکٹ شامل ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -