سابق حکومتوں نے زراعت اور کسانوں کو نظر انداز کیا،جمشید چیمہ

سابق حکومتوں نے زراعت اور کسانوں کو نظر انداز کیا،جمشید چیمہ

لاہور(خبر نگار)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے زراعت اور کسان کو یکسر نظر انداز کئے رکھا تاہم موجودہ حکومت دونوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گی ،کسان کو اس کی اجناس کا صحیح معاوضہ دینے کیلئے میکنزم بنایا جائے گا جس سے مڈل مین اس کا استحصال نہیں کر سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔کسانوں نے تحریک انصاف کے رہنما کو اپنے مسائل سے بھی تفصیلی آگاہ کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کسانوں کی مشکلات سے آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی لیکن اس کیلئے تھوڑا وقت درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسان ملک کی خوراک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے سارا سال اپنا خون پسینہ بہاتا ہے لیکن آخر میں اسے اس کی فصل کا صحیح معاوضہ نہیں مل پاتا۔

جو قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو ٹیوب ویل کے لئے بجلی اور کھادوں پر سبسڈی کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے گی اور سب سے بڑھ کر اجناس کا صحیح معاوضہ دلانے کیلئے میکنزم بنایا جائے گا۔ زراعت کے شعبے میں ریسرچ پر توجہ دی جائے گی اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے کامیاب ممالک کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا کسان محنت نہ کرے تو ہمیں خوراک کی ضروریات پوری کیلئے اربوں ڈالر کا قیمتی زر مبادلہ خرچ کرنا پڑے اس لئے پوری قوم اپنے کسانوں کی مشکور ہے اور انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...