تحریک انصاف کے شبلی فراز قائد ایوان سینیٹ شیری رحمن کو ہٹا کر راجہ ظفر الحق اپوزیشن لیڈر مقرر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز سینیٹ میں قائد ایوان جبکہ مسلم لیگ (ن) کے راجہ ظفرالحق قائد حزب اختلاف مقرر ہوگئے۔سینیٹ میں قائد ایوان و حزب اختلاف کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے بعد تحریک انصاف کا کوئی سینیٹر پہلی مرتبہ قائد ایوان ہوگا۔تحریک انصاف کے نامزد شبلی فراز قائد ایوان اور اس سے قبل قائد ایوان رہنے والے مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر راجہ ظفرالحق قائد حزب اختلاف ہوں گے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن لیڈر شیری رحمن کو عہدے سے ہٹا دیا جب کہ اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز سینیٹر شبلی فراز کو بطور قائد ایوان سینیٹ نامزد کیا تھا۔سینیٹر شبلی فراز کا تعلق تحریک انصاف سے ہے اور وہ معروف شاعر احمد فراز مرحوم کے صاحبزادے ہیں، شبلی فراز مارچ 2015 میں جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔