ریلویز میں آؤٹ ٹرن ترقیاں واپس، آئندہ تمام معاہدے ملکی کرنسی میں ہونگے، شیخ رشید

ریلویز میں آؤٹ ٹرن ترقیاں واپس، آئندہ تمام معاہدے ملکی کرنسی میں ہونگے، شیخ ...

  

لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے آؤٹ آف ٹرن دی گئی تمام ترقیاں واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کیلئے کمیٹی بنا دی ہے جن کا حق مارا گیا ہے انہیں وہ ملنا چاہیے ،ریلویز کا سی پیک سمیت آئندہ کسی بھی ملک سے ہونے والا معاہدہ ڈالر کی بجائے اس ملک کی کرنسی میں کیا جائے گا ،تجویز دی ہے کہ سی پیک میں ریلویز کو سٹینڈرڈ گیج پر لایا جائے اس سے لاگت زیادہ آئے گی لیکن کرپشن ختم ہو جائے گی ، کابینہ کے فیصلے کے بعد ریلوے افسران کے بیرون ممالک خصوصی طور پر امریکہ کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے ، اپوزیشن کا اتحاد زیادہ دیر نہیں چلے گا اور صدارتی انتخاب میں بھی عمران خان کے نامزد امیدوار عارف علوی کامیاب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افسران کے ہمراہ ریلوے سٹیشن کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ریل کے کرائے بڑھانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔سٹوڈیو اپارٹمنٹس کی تعداد 10ہزار سے بڑھا کر 20ہزار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران سے کہا ہے کہ بزرگ اور معذور افراد کیلئے تین ایلی ویٹر زلگائے جائیں اور اگر دس سال کی وارنٹی پر استعمال شدہ مل جاتے ہیں تو ان کی خریداری کی جائے ۔ جن ریلوے سٹیشنوں پر گنجائش ہے تمام پر ایلی ویٹرز لگائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن ٹکٹنگ میں مزید سہولت دیں گے۔30دسمبر تک ریلو یز کو اپنے مقام پر کھڑا کریں گے۔ انہوں نے کہ کہ ریل کو خسارہ سے نکالنے کیلئے اخراجات کم اور کام زایادہ رنے پڑے گئے۔ پاکستان ریلویز میں ہفتہ کے روز چھٹی کا کوئی تصور نہیں ہو گا جبکہ ریلوے افسران 5 بجے کی بجائے 6 بجے تک کام کریں گے۔ ان ہدایات سے گریڈ 16 تک کے ملازمین مستثنیٰ ہوں گے۔

شیخ رشید

مزید :

صفحہ آخر -