سکیورٹی خدشات ،ڈاکٹر شکیل آفریدی اڈیالہ سے ساہیوال جیل منتقل

سکیورٹی خدشات ،ڈاکٹر شکیل آفریدی اڈیالہ سے ساہیوال جیل منتقل

  

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک )ایبٹ آباد میں القاعدہ کے بانی اْسامہ بن لادن کیخلاف ہونیوالے امریکی آپریشن کے مرکز ی کردار ڈاکٹر شکیل آفریدی کو اڈیالہ سے ساہیوال جیل منتقل کر دیا گیا۔ڈان نیوز کو باخبر ذرائع نے بتایاہے کہ2011 میں ہونیوالے ایبٹ آباد آپریشن کے مرکزی کردار ڈاکٹر شکیل آفریدی کو انتہائی سخت سکیورٹی میں اتوار (26 اگست) کی صبح ساہیوال جیل منتقل کیا گیا،ذرائع کے مطابق ڈا کٹر شکیل آفریدی کو سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے اڈیالہ سے ساہیوال جیل منتقل کیا گیا۔شکیل آفریدی کو کچھ عرصہ قبل پشاور سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔خیال رہے ڈاکٹر شکیل آفریدی پر ایبٹ آباد آپریشن کیلئے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی معاونت اور القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کی مخبری کا الزام ہے۔واضح رہے 3 اگست کو اڈیالہ جیل میں قید شکیل آفریدی سے ان کے اہل خانہ نے ملاقات کی تھی جن میں ان کی اہلیہ عمرانہ شکیل، بیٹے بشام خان اور بیٹی مہ نور شامل تھے۔ڈاکٹر شکیل آفریدی کو دہشت گردوں سے تعلقات کا جرم ثابت ہونے پر مئی 2012 میں 33 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ اس الزام کی شکیل آفریدی نے ہمیشہ تردید کی۔2016 میں امریکہ کی امداد بند کرنے کی دھمکی پر شکیل آفریدی کی سزا میں 10 سال کی کمی کردی گئی تھی، تاہم اس کے بعد سے ان کی رہائی کیلئے امریکی دباؤ میں کمی آئی ہے۔

شکیل آفریدی

مزید :

صفحہ اول -