سینٹ کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہو گا

سینٹ کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہو گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)سینٹ کا اجلاس (آج) پیر کو سہ پہر تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہو گا جس کی صدارت چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کریں گے۔ اجلاس میں قانون سازی، قومی اور عالمی اہمیت کے امور پر بحث کی جائے گی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 27نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں مختلف بل پیش کئے جائیں گے ، سینیٹر رضا ربانی سٹیٹ بینک آف پاکستان( ترمیمی) بل 2018پیش کریں گے،سینیٹر اعظم خان سواتی معذور افراد کو روزگار کی فراہمی سے متعلق بل پیش کر یں گے ،اجلاس میں اہم قرار دادیں بھی پیش کی جائیں گی ، سینیٹر میاں رضا ربانی اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹو رکھنے سے متعلق قرار داد پیش کر یں گے ، سینیٹر اعظم خان سواتی ایف بی آر کے چیئرمین کی پانچ سال کے لئے تعیناتی پارلیمانی کمیٹی کی منظوری سے کرنے سے متعلق قرار داد پیش کر یں گے ،اجلاس میں مختلف تحاریک بھی پیش کی جائیں گی ،سینیٹر طلحہ محمود خارجہ پالیسی پر بحث کرانے کی تحریک پیش کریں گے،سینیٹر شیری رحمان اسلام آباد میں پلاسٹک کی آلودگی کے اثرات پر بحث کرانے کی تحریک پیش کریں گی۔دوسری جانب سینٹ میں نامزد قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز (آج) پیر کو اجلاس کے دوران اپنی نشست سنبھالیں گے۔ وہ سینٹ میں حکمران اتحاد کی قیادت اور وزیراعظم کی نمائندگی کریں گے۔ جبکہ سینٹ میں راجہ ظفر الحق پیر کو اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈرکی نشست سنبھالیں گے۔ وہ سینٹ میں اپوزیشن جماعت کی قیادت کریں گے۔
سینیٹ اجلاس

مزید :

صفحہ آخر -