جڑانوالہ :اجرت مانگنے پر بااثر افراد کا مزدوروں پر تشدد
جڑانوالہ (نامہ نگار)اجرت مانگنے پر بااثر افراد کا مزدوروں کو مبینہ حبس بے جا میں رکھ کر تشدد، متاثرین کا روڈ بلاک کرکے احتجاج ونعرے بازی، بتایا گیا ہے کہ تھانہ سٹی کے علاقہ 240موڑ پر واقع شیخ ریاض مرحوم کے کارخانہ میں ٹھیکیدار مجید سکنہ قصور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مزدوری کرتا ہے مگر کارخانہ مالکان نے عید الاضحےٰ پر بھی اجرت ادا نہ کی ۔ گزشتہ روز اجرت مانگنے پر کارخانہ مالکان نے مبینہ طور پر مزدوروں کو حبس بے جا میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا جس پر متاثرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کر دیا اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بتایا کہ مالکان قربانی کے جانوروں کی کھالوں کو صاف کرنے کی اجرت نہیں دے رہے ۔پیٹ کی دوزخ کو بجھانے کی خاطر عید اپنے گھروں سے باہر کی مگر اس کے باوجود ادائیگی نہ کی گئی ہے ۔ روڈ بلاک کی اطلاع پر پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور یقین دہانی کروائی کہ اجرت کی ادائیگی جلد از جلد یقینی بنائی جائے گی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے ۔