نئی حکومت کا سابق دور کے35ایس ایچ اوز کو شہر بدر کرنے کا فیصلہ

نئی حکومت کا سابق دور کے35ایس ایچ اوز کو شہر بدر کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبرنگار)نئے سیٹ اپ میں سابق حکمرانوں اور سابق پولیس افسروں کے چہیتے ایس ایچ او زکو شہربدر کرنے کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جس میں35 ایس ایچ اوز کو ناپسندیدہ قرار دیکر فیلڈز پوسٹنگ کی ذمہ داریاں نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب پولیس اور بالخصوص لاہور پولیس کے نئے سیٹ اپ میں سابق حکمرانوں اور سابق پولیس افسروں کے چہیتے پولیس افسروں بالخصوص ایس ایچ او زکو شہر بدرکرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اور اس حوالے سے ایک سابق آئی جی کی نگرانی میں قائم کردہ خصوصی کمیٹی کی تیار کردہ سفارشات پر باقاعدہ پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جس میں پہلی ترجیح لاہور پولیس کا سیٹ اپ بتایا گیا ہے اور اس میں سابق سی سی پی او سابق ڈی آئی جی آپریشن کے چہیتے ایس ایچ اوز کو لاہور بدر یا پھر کھڈے لائن رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جن ایس ایچ اوز کو لاہور بدر اور کھڈے لائن رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں 35سے زائد ایس ایچ اوز کے نام فہرست میں شامل ہیں اور ان میں 18انسپکٹرز عہدہ کے پولیس افسر جبکہ دیگر سب انسپکٹرز شامل ہیں جو کہ سابق حکمرانوں اور سابق پولیس افسروں کے چہیتے بتائے گئے ہیں اور ان پولیس انسپکٹروں پر قبضہ گروپ اور اختیارات سے تجاوزات سمیت بے گناہ شہریوں پر بوگس مقدمات درج کرنے کے الزامات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پولیس انسپکٹروں کا محکمانہ ریکارڈ اور پولیس فائلوں کا جائزہ بھی کیا گیا ہے۔ جس میں اس بات کا انکشاف سامنے آیا ہے کہ ان پولیس انسپکٹروں کے خلاف سنگین نوعیت کے کیسز درج ہیں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشن شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ بری شہرت کے پولیس انسپکٹر نئے سیٹ اپ میں نہیں ہوں گے اس حوالے سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی نے اپنی سفارشات تیار کرلی ہیں اور اگلے چند دنوں میں اچھی شہرت کے حامل پولیس انسپکٹروں کی تعیناتی کا عمل شروع کردیاجائے گا۔پولیس لائن سمیت دیگر شعبوں میں تعینات اہلکاروں کی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سی سی پی اولاہوربی اے ناصر اور ڈی آئی جی آپریشن لاہور شہزاد اکبر کو بتایا گیا ہے کہ سابق سی سی پی او اور سابق ڈی آئی جی آپریشن کے دور میں 500سے زائد اہلکاروں نے اسٹیبلشمنٹ برانچ میں تعینات اہلکاروں سے مبینہ طور پر سازباز کرکے مختلف دفاتر اور شعبوں میں اپنی مرضی سے پوسٹنگ حاصل کررکھی ہے۔ جس میں سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشن کے دفتر میں تعینات 150اہلکاروں کو کھڈے لائن لگادیا ہے اورمختلف ایس پیز کے دفاترسمیت پولیس لائن کے مختلف شعبوں میں تعینات سب انسپکٹر،اے ایس آئی اور ہیڈ کانسٹیبل سمیت دیگر اہلکاروں کی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔

مزید :

علاقائی -