پر تعیش اشیاء کی درآمدپر فی الفور پابندی عائد کی جائے ‘ خواجہ حبیب

پر تعیش اشیاء کی درآمدپر فی الفور پابندی عائد کی جائے ‘ خواجہ حبیب

  

لاہور( این این آئی)ایران پاک فیڈریشن آ ف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ بیرون ممالک سے ہر طرح کی پر تعیش اشیاء منگوانے پر فی الفور پابندی عائد کر کے مقامی سطح پر تیار ہونے والی مصنوعات کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے قومی مہم شروع کی جائے ،وزیر اعظم عمران خان کا سرمایہ کاروں کیلئے وزیر اعظم ہاؤس میں خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے اور اس کے یقینی طور پر مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔مقامی صنعتکاروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان میں ہر شعبہ تنزلی کا شکار ہے ، اندرونی اور بیرونی بھاری قرضوں سے معیشت کی سانسیں بند ہو رہی ہیں ۔پوری قوم کا متفقہ مطالبہ ہے کہ سب سے پہلے قرضوں کی ادائیگیوں کو ترجیح ہونی چاہیے اور اس کیلئے مشکل فیصلے کرنے سے بھی گریز نہ کیا جائے ۔ جب تک پاکستان کو قرضوں سے چھٹکارا نہیں ملتا ہماری معاشی خود مختاری خواب ہی رہے گی ۔ خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ بیرون ممالک سے ہر طرح کی پر تعیش اشیاء منگوانے پر فی الفور پابندی عائد کی جائے کیونکہ اشرافیہ کا یہ فیشن ملکی خزانے پر بوجھ ہے ۔ خوردنی تیل ،چائے کی پتی ،خشک دودھ سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی مد میں بھی بھاری زر مبادلہ استعمال ہو رہا ہے اس حوالے سے بھی سخت پالیسی بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی وزیر اعظم عمران خان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور قوی امید ہے کہ حکومت اپنے اعلان کردہ ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھانہیں رکھے گی۔

مزید :

کامرس -