اعظم سلیمان سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث چیف سیکرٹری پنجاب لگانا باعث تشویش

اعظم سلیمان سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث چیف سیکرٹری پنجاب لگانا باعث تشویش

لاہور(این این آئی ) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے وزیر اعظم پاکستان کے نام خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے ’’آپ کی توجہ ایک انتہائی اہم معاملہ کی طرف مبذول کروانا چاہتے ہیں،بعض میڈیا رپورٹس کے ذریعے علم ہوا کہ میجر(ر) اعظم سلیمان (بقیہ نمبر39صفحہ12پر )

چیف سیکرٹری پنجاب لگائے جانے والے امیدواروں کی فہرست میں ایک فیورٹ امیدوار ہیں، اس حوالے سے گزارش یہ ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے موقع پر میجر(ر)اعظم سلیمان ہوم سیکرٹری پنجاب تھے،شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء نے جن ملزمان کی طلبی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے ان 12ملزمان کی فہرست میں نواز شریف، شہباز شریف کے علاوہ میجر(ر) اعظم سلیمان کا نام بھی شامل ہے،میجر(ر) اعظم سلیمان جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ جاری نہ کرنے کے غیر قانونی عمل کے براہ راست ذمہ دار ہیں۔بطور ہوم سیکرٹری پنجاب میجر(ر) اعظم سلیمان سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے دست راست رہے ،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے غیر قانونی آپریشن کے حوالے سے 16 جون 2014 ء کے دن اس وقت کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ لاہور میں ایک اجلاس منعقد ہوا، اس اجلاس میں میجر(ر)اعظم سلیمان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی نمائندگی کی کیونکہ وزارت داخلہ کا قلمدان وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس تھا اور ہوم سیکرٹری پنجاب نے اس میٹنگ میں اپنے وزیر داخلہ کی نمائندگی کی، اسی میٹنگ میں ادارہ منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے گھر پر حملہ کرنے اور قتل عام کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، ہمارے اس موقف کی تصدیق جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں بھی کی گئی ہے، اسی میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوا کہ آپریشن کے دوران جو بھی شخص رکاوٹ بنے اسے ختم کر دیا جائے، اس ضمن میں درخواست ہے کہ میجر(ر)اعظم سلیمان کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں بے گناہی ثابت کرنے تک کوئی سرکاری ذمہ داری نہ دی جائے بلکہ فیئر تفتیش اور فیئر ٹرائل کا یہ تقاضا ہے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک تمام ملزمان کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے کیونکہ وہ اپنی سرکاری حیثیت کی وجہ سے کسی نہ کسی شکل میں کیس پر اثر انداز ہورہے ہیں اور اگر خدانخواستہ میجر(ر) اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری پنجاب کا اہم عہدہ دیا گیا تو پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان اور سانحہ کے درپردہ جملہ کرداروں کو کسی نہ کسی شکل میں تحفظ ملے گا اور ٹرائل متاثر ہو گا۔خرم نوازگنڈا پور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بطور جماعت شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف دلوانے کی جدوجہد میں ساتھ رہی،اب وقت آگیا ہے انسانی حقوق کے قتل عام کے اس بدترین واقعہ کے تمام کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور چار سال سے انصاف کے منتظر مظلوموں کو انصاف فراہم کیا جائے۔

پی ٹی آئی؍ خط

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...