عمران خان نے کرپشن کیخلاف جہاد کا اعلان کر دیا ، امین گنڈا پور

عمران خان نے کرپشن کیخلاف جہاد کا اعلان کر دیا ، امین گنڈا پور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ)رکن قومی اسمبلی سردار علی امین خان گنڈہ پور نے گومل یونیورسٹی بچاؤ تحریک کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں غیر قانونی بھرتیوں ،ترقیوں، علاقہ اور تعلیم دشمن پالیسیوں کے خلاف اساتذہ اور ملازمین کے نمائندہ وفد نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سابق صوبائی وزیر مال سردار علی امین خان گنڈہ پور سے ملاقات کی اور انہیں گومل یونیورسٹی میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کی زیر سرپرستی خلاف قانون، علاقہ و ادارہ دشمن اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا کہ گومل یونیورسٹی ہمارا اثاثہ ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف جہاد کا آغاز کردیا ہے۔ گومل یونیورسٹی میں عہدوں پر براجمان کرپٹ مافیا کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ گریڈ1 سے 16 تک دوسرے اضلاع کی بھرتی و من پسند افراد کو غیرقانونی ترقیوں اور مالی کرپشن اور بے ضابطگیوں کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص افراد کو کسی صورت میں اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ یہاں کے ملازمین اور اساتذہ کو ہراساں کریں ان کے خلاف انکوائری کریں اور ان کو ذہنی پریشان کر کے ادارہ کو آگے لے جانے کے بجائے پیچھے کی جانب لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مثالی تعلیم کی فراہمی کا عزم کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان جلد ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کر کے زرعی فیکلٹی سے اپ گریڈ ہوکر بننے والی زرعی یونیورسٹی کا افتتاح کریں گے ۔ہم ڈیرہ اسماعیل خان میں جہاں زرعی یونیورسٹی قائم کررہے ہیں وہیں گومل یونیورسٹی کو بھی آگے کی طرف لے جائیں گے ۔ڈیرہ اسماعیل خان کے ایک ایک ادارے کا تحفظ میرا فرض ہے اور بطور ایم این اے یہ فرض ہمیشہ ادا کرتا رہوں گا۔ وفد نے ان کو وائس چانسلر،رجسٹرار کی زیرسرپرستی غیر قانونی اقدامات اور تعلیم دشمن پالیسیوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے ایم این اے سردار علی امین خان گنڈہ پور کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی پر علی امین کا شکریہ ادا کیا اور تعلیم دوست خیالات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔