جماعت اسلامی کا یوم تاسیس ، قکراچی تا کشمور سیمینار ، مذاکرات اور جلسوں کا اہتمام

جماعت اسلامی کا یوم تاسیس ، قکراچی تا کشمور سیمینار ، مذاکرات اور جلسوں کا ...

  

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) 26 اگست 2018 جماعت اسلامی سندھ کے تحت ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی جماعت اسلامی کا77واں یوم تاسیس بھرپورجوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔صوبائی اعلامیہ کے مطابق آج اس سلسلے میں کراچی، حیدرآباد،میرپورخاص،لاڑکانہ بدین، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، سکھر، جیکب آباد،ٹنڈآدم سمیت سندھ میں جماعت اسلامی کے تحت سمینار، مذاکرے اورجلسے منعقد کئے گئے،جبکہ ذیلی تنظیم جے آئی یوتھ کے تحت مختلف مقامات پرکیک بھی کاٹے گئے جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی اورمقامی قائدین کے علاوہ مختلف سیاسی وسماجی رہنما اوردانشوروں نے جماعت اسلامی کی77سالہ دینی وسیاسی جدوجہدپراظہار خیال کیا۔یاد رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان ملک کی سب سے بڑی اورپرانی اسلامی تحریک ہے۔جس کا آغاز26اگست 1941کوبیسویں صدی کے اسلامی مفکرسیدابوالاعلیٰ مودودی نے عصر حاضر میں اسلامی نظام کے احیا کے لیے کیاتھا۔75افراد سے شروع ہونے والا قافلا اس وقت عالم گیر تحریک کی شکل اختیار کرچکاہے۔ حیدرآباد مرکزتبلیغ اسلام میں منعقدہ تقریب یوم تاسیس سے مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کرپشن فری اوراسلامی پاکستان بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ایم ایم اے ہاری نہیں بلکہ ہرروائی گئی ہے،مجلس عمل ایوان اقتدارمیں کم تعداد مگرعوام کے دلوں میں ہے۔متحدہ مجلس عمل نے انتخابات میں حصہ لیکربیلٹ کے ذریعہ مدینہ جیسی مثالی ریاست بنانے کی کوشش کی تھی مگرعالمی اسٹیبلشمنٹ نے ایم ایم اے کی کامیابی کو روکنے کی سازش کرکے بُلٹ کے ذریعے اسلامی انقلاب اوراس کے فکرکومضبوط کیا ہے جوکہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے،لہٰذاعالمی اسٹیبلشمنٹ کی پالیسی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے،انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نمائشی اقدامات کی بجائے پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کے لیے حقیقی وعملی اقدامات کرے۔ہالینڈ میں گستاخانہ مقابلوں کے اعلان پرحکومت محض مذمتی بیان جاری کرنے کی بجائے واضح ودوٹوک پالیسی وضع کرے۔حکومت کی پراسرارخاموشی سے پاکستان کے بیس کروڑ عوام کو تشویش ہے کیونکہ پاکستان کے بچہ بچہ کے دل میںیہ عزم موجود ہے کہ ناموس رسالتﷺ اورعقیدہ ختم نبوت پرجان بھی قربان ہے۔اسداللہ بھٹو نے فیصل آباد میں قادیانیوں کے مسلمانوں پر حملوں کی مذمت اوروزیراطلاعات کے حالیہ بیانات کو پاکستان کومدینہ کی ریاست بنانے کی نفی قراردیا۔تقریب سے صوبائی رہنما عبدالوحیدقریشی اورضلعی امیر حافظ طاہرمجید نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی امیرڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے شہدادکوٹ میں یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کی سیاست کا بنیادی مقصد ملک میں شریعت کا نفاذہے ،ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کی حقیقی قیادت صرف وہ لوگ کرسکتے ہیں جو اللہ سے ڈرنے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے ، اور تقوی کی روش اختیار کرکے آخرت کی جوابدہی کا احساس کرنے والے ہوں۔ ایسے لوگ حکومت میں ہوں تو عوام کو مشکلات سے نجات ملے گی۔جماعت اسلامی اسی تحریک کا تسلسل ہے جو مکہ کے غاروں ،طائف کے بازاروں ، مدینہ کی گلیوں،ہجرت کی سختیوں اور بدر و حنین کے معرکوں سے نبرد آزما ہوتی ہوئی ہم تک پہنچی ہے۔یہ تحریک انسانیت کی رہنمائی کافریضہ انجام دے رہی ہے اور قیامت تک اپنی یہ ذمہ داری نبھاتی رہے گی۔جماعت اسلامی وطن عزیز کی واحد دینی جماعت ہے جو ہر قسم کے مسلکی، علاقائی اور قومیت کے تعصبات سے پاک ہے۔ اس کے دروازے ہر کسی کیلئے کھلے ہیں۔ ملک کو اسکے بنیادی مقصد سے ہم آہنگ کرنے اور عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کیلئے جماعت اسلامی کی جدوجہد کااعتراف اس کے مخالفین بھی کرتے ہیں۔الیکشنز میں شکست کبھی جماعت اسلامی کو اپنے مقصد کے حصول کی کوشش سے نہیں روک سکتی۔ آخری سانس تک جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے ملک اسلامی نظام جے نفاذ کی کوشش جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے سینکڑوں ارکان و کارکنان سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کے ممبر رہے مگر کسی کے دامن پر کرپشن ،کمیشن ،اقربا پروری کا کوئی داغ نہیں، یہ محض اللہ تعالیٰ کی کرم نواز ی اوراس کے سامنے جواب دہی کے احساس کا نتیجہ ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو نے فرقانیہ ہال شکارپور اورحرااسکول سٹھارجہ میں الگ الگ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی مظلوم طبقہ کی جنگ لڑ رہی ہے۔ اور اقتدار کے ایوانوں کے دروازے عام آدمی پر کھولنے کی جدوجہد کررہی ہے تاکہ غریب مزدور ،ہاری اور کسان کے بیٹے کو بھی زندگی گزارنے کی سہولتیں مل سکیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جماعت اسلامی نے ہراس فکر کا مقابلا کیا ہے جونظریہ اسلام ونظریہ پاکستان سے ٹکراتا ہے۔لاڑکانہ میں یوم تاسیس کے اجتماع سے پروفیسر نظام الدین میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عالم اسلام کی عظیم تحریک ہے جس نے تمام شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کیا۔یہی وجہ ہے 75افراد سے شروع ہونے والا قافلا آج دنیا کی سب سے بڑی تنظیم کا روپ اختیار کرچکا ہے،مبارکپور جیکب آباد میں ضلعی امیرعبدالحفیظ بجارانی،ٹنڈوآدم میں عبدلعزیز غوری،میرپورخاص میں سیدشاہد ہاشمی ودیگر نے یوم تاسیس کے حوالے سے منعقد اجتماعات سے خطاب کیا۔علاوہ ازیں جے آئی یوتھ کے تحت پریس کلب بدین ٹھٹھہ ودیگرمقامات پرکیک کاٹا گیا جس سے بزرگ رہنما سید داؤد شاہ گیلانی ودیگر نے خطاب کیا۔#

مزید :

پشاورصفحہ آخر -