صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن

صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن
صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے،امیدوارکاغذات نامزدگی آج دوپہر 12 بجے تک جمع کرواسکیں گے۔

پی ٹی آئی امیدوار ڈاکٹرعارف علوی آج سندھ ہائیکورٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔رجسٹرارہائیکورٹ کے مطابق اب تک ایک امیدوارغیورمحمدنے کاغذات نامزدگی وصول کئے ہیں۔

جبکہ صدارتی انتخاب کےلئے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بدھ (29 اگست) کو صبح 10 بجے تک ہوگی اور صدارتی امیدوار جمعرات (30 اگست) تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور اسی روز ایک بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔

ملک کے تیرہویں صدر کے انتخاب کےلئے پولنگ 4 ستمبر کو ہوگی، سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل الیکٹورل کالج صدر مملکت کا انتخاب کرے گا۔

چیف الیکشن کمشنر ریٹرنگ آفیسر جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور سینٹ و قومی اسمبلی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس پریزائیڈنگ آفیسر کی ذمہ داری سر انجام دیں گے۔

پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا،سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی پارلیمنٹ ہاؤس میں پولنگ کے عمل میں حصہ لیں گے جبکہ ارکان صوبائی اسمبلی اپنی متعلقہ اسمبلیوں میں قائم پولنگ سٹیشنز پر پولنگ میں حصہ لیں گے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -سندھ -کراچی -