ٹرمپ کو میری آخری رسومات پرمدعونہ کیا جائے، امریکی سینیٹرکی وصیت
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی سینیٹر اور ویت نام جنگ کے ہیرو جان مکین اکیاسی برس کی عمر میں چل بسے۔ جان مکین کے خاندان کے مطابق انہوں نے خود کو لاحق سرطان کے مرض کا علاج مزید جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مکین کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اُن کا انتقال پچیس اگست کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کے اٹھائیس منٹ پر ہوا۔
دوسری جانب نیویارک ٹائمز کے مطابق جان مکین نے وصیت کی تھی کہ ان کی آخری رسومات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مدعو نہ کیا جائے جس کے بعد ان کے اہلخانہ نے امریکی صدر کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جان مکین نے سابق صدور باراک اوباما اور جارج بش کو مدعو کرنے اور انہیں آخری رسومات کے موقع پر خطاب کا موقع دینے کی تلقین بھی کی تھی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جان مکین کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا تاہم انہوں نے سابق سینیٹر کو خراج عقیدت پیش کرنے سے گریز کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ تعزیتی بیان جاری کرنے کے فوراً بعد گالف کھیلنے کیلئے روانہ ہوگئے ۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے جان مکین کی وفات پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے ۔جان مکین انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام ایری زونا میں گزارے۔جان مکین کے انتقال پر امریکا میں سوگ منایا جارہا ہے جس کے لیے قومی پرچم بھی سرنگوں کر دیے گئے ہیں۔ مکین سن 2008 میں بطور امریکی صدارتی امیدوار بھی نامزد ہوئے تھے۔