”اپوزیشن میں عدم اتفاق رائے کی بڑی وجہ ۔۔۔“ تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے بتادی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما فر خ حبیب نے کہاہے کہ متضاد بیانات کی وجہ سے اپوزیشن میں اتفاق رائے نہیں ہورہا ۔ اپوزیشن میں خود اتنی اپوزیشن ہے کہ ان کو کسی کی مخالفت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔
دنیانیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ متضاد بیانات کی وجہ سے اپوزیشن اکٹھی نہیں ہورہی اور اپوزیشن میں خود اتنی اپوزیشن ہے کہ ان کو کسی کی مخالفت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ پنجاب کی صوبائی کابینہ کو مختصر رکھا گیاہے۔ یہی وزیر اعلیٰ پنجاب اور کابینہ عوام کے مسائل کو حل کریں گے ۔عوام اشتہاربازیوں سے بڑی تنگ آئی ہوئی ہے اور اب وہ اپنے مسائل کا حقیقی حل چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب عمران خان کو کام کرنے کا موقع ملنا چاہئے۔ زرداری اور شہباز کی تلخیاں ابھی ختم نہیں ہوئیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ نئے چہرے بھی پنجاب کابینہ کا حصہ بنے ہیں لیکن جن علاقوں کو صوبائی کابینہ میں نمائندگی نہیں ملی ان کو بھی موقع دیا جائے گا ۔