نواز شریف کے ہاتھ سے نکلنے پر عمران خان کو بڑا دکھ ہے،شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس بہت سنجیدہ، دونوں اندر جا سکتے ہیں: شیخ رشید
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمدنے کہاہے عمران خان کو بڑا دکھ ہے کہ نواز شریف ان کے ہاتھ سے نکل گیا ہے، ریفرنس دائر ہونے تک عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے لیکن شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس بہت سیریس ہے، دونوں اندر جا سکتے ہیں، کراچی میں بارش کی صورتحال دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شیخ رشید کا کہناتھا کہ ریفرنس دائر ہونے تک عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے لیکن شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس بہت سیریس ہے، دونوں اندر جا سکتے ہیں،نیب آزاد ادارہ ہے، کسی کی بھی درخواست پر کارروائی کر سکتا ہے۔سینیٹ سے دو بلوں کے مسترد ہونے پر شیخ رشید نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر اپوزیشن بے نقاب ہوئی ہے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ نیب کو ختم کیا جائے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کا ابھی کچھ نہں کہا جا سکتا لیکن لگتا نہیں ہے کہ نواز شریف واپس آئیں گے،عمران خان کو بڑا دکھ ہے کہ نواز شریف ان کے ہاتھ سے نکل گیا ہے، عمران خان کی کوشش ہے کی نواز شریف کو واپس لایا جائے۔وفاقی وزیرشیخ رشید نے کہا کہ فضل الرحمان کا بھی اپوزیشن پر اعتبار نہیں رہا، اے پی سی ابھی دور ہے اور لوگ اپوزیشن کے پیچھے نہیں نکلیں گے لیکن اگر مدارس کے بچے سڑکوں پر نکلے تو درست نہیں ہو گا،شہباز شریف اور فضل الرحمان کی ملاقات ناکام رہی، فضل الرحمان نے شہباز شریف سے چبھتے سوالات کیے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میڈیا پر کراچی میں بارش کی صورتحال دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، کراچی اور لاہور کی سڑکوں پر پانی دیکھ کر عوام ممبران اسمبلی کو برا بھلا کہہ رہے ہیں۔