پاکستان خطے میں امن کو یقینی بنانے کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا:شاہ محمود قریشی

پاکستان خطے میں امن کو یقینی بنانے کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا:شاہ ...

  

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاک امریکا تعلقات کا فروغ اور باہمی شراکت داری، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر خارجہ نے پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور پال جونز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں امریکی سفارتکار کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے امریکا کی طرف سے فراہم کی جانے والی بروقت معاونت پر امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ سے انڈونیشیا کے سبکدوش ہونے والے سفیر آئیون سویودری عًمری نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان،انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر سلامتی کونسل میں ہونے والے مباحثے میں مثبت کردار ادا کرنے پر انڈونیشیا کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف مصالحتی کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں وفاقی وزیر شفقت محمود،علی امین گنڈا پور، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور سیکریٹری جنرل تحریک انصاف ارشد داد نے شرکت کی، اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ اور قیادت کے مابین روابط کو موثر بنانے کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس چیئرمین قائمہ کمیٹی ملک احسان اللہ ٹوانہ کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں ہوا جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خصوصی طورپر شرکت کی۔وزیر خارجہ نے اراکین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی۔اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان بہت پہلے واضح کہہ چکے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے طاقت کا استعمال بے معنی ہو گا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، شروع سے اس موقف کا حامی ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا واحد حل، افغان سربراہی مذاکرات ہیں۔

مصالحانہ کردار

مزید :

صفحہ اول -