آ ئندہ الیکشن شفاف اور غیر جانبدار ہوئے تو جماعت اسلامی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا:سراج الحق

آ ئندہ الیکشن شفاف اور غیر جانبدار ہوئے تو جماعت اسلامی کا راستہ کوئی نہیں ...

  

  لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کارکن تیاری کریں اب جماعت اسلامی کی باری ہے۔بلدیاتی انتخابات میں سرپرائز دیں گے۔قوم نے تین بڑی جماعتوں کو آزمایا مگر دکھوں اور مشکلات کے سوا انہیں کچھ نہیں ملا۔آئندہ الیکشن شفاف اور غیر جانبدار ہوئے تو جماعت اسلامی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ حکمران پارٹیاں جاگیرداروں اور سرمایہ کاروں کے ہاتھوں کا کھلونابنی رہیں۔ موجودہ حکومت بھی اُ سی ٹولے کے ہاتھوں یرغما ل ہے۔موجودہ نظام طاغوتی سوچ کا قائم کردہ ہے جو کسی غریب کو آگے آنے کا موقع نہیں دیتا۔جب تک اس استحصالی نظام کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نہیں نکالا جاسکتا۔موجودہ حکومت نے عام آدمی کو ریلیف دینے کی بجائے مخصوص کلاس کے مفادات کی تکمیل کو ترجیح اول بنالیا ہے۔قومی دفاع کو مضبو ط بنانے کے لیے ذاتی مفادات کے اس کھیل کا خاتمہ ضروری ہے۔قوم نے بار ہا دوسری جماعتوں کو آزمایا ہے مگر ہر آنے والے نے پہلے سے بڑھ کر ملک کو بحرانوں سے دوچار کیا۔اب جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ جماعت اسلامی کے80ویں یوم تاسیس کی تقریب اور جماعت اسلامی لاہور کے بلدیاتی کنوشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے سیکرٹری جنرل امیر العظیم،وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری اور لاہور کے امیر ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے نظریاتی اور جغرافیائی مفادات کو اگر کوئی چیلنج کرتا ہے تو ہم اسے جماعت اسلامی کے خلاف چیلنج سمجھتے ہیں۔ہمیں پاکستان پر فخر ہے۔ 74سال سے ملکی اقتدار پر قابض ٹولے نے قیام پاکستان کی منزل کو کھوٹا کرنے اور نظریہ پاکستان سے بے وفائی کی جو روش اپنا رکھی ہے اس کی وجہ سے آج ملک و قوم کو معیشت سمیت مختلف بحرانوں کا سامنا ہے۔آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔ تعلیم اور صحت کے شعبے ناکامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ کروڑوں نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے پریشان ہیں۔عدالتوں سے غریب کو انصاف نہیں مل رہا۔لاکھوں مقدمات التوا ء کا شکار ہیں۔کیس لڑے لڑتے لوگوں کی زندگیاں ختم ہوجاتی ہیں مگر پیشیاں ختم نہیں ہوتیں۔

 سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -