60ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر پہلا جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا

60ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر پہلا جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کراچی (این این آئی)60ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر پہلا جہاز بدھ کو پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گندم کے بحران پر قابو پانے کے لیے  پاکستانی تاجروں نے 6 لاکھ  میٹرک ٹن گندم کی درآمدی سودے کر لئے ہیں۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں سال جنوری کے تیسرے ہفتے میں نجی سیکٹر کو گندم کی ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت دی  تھی تاکہ غذائی تحفظ اور گندم اور گندم کے آٹے کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔حکومت پاکستان کی جانب سے ڈیوٹی فری گندم کی درآمد کی اجازت ملنے کے بعد پاکستانی تاجروں نے گندم کی درآمد کے معاہدے کر نا شروع کر دئے تھے۔اجناس کے شعبے سے وابستہ ایک بڑے تاجر اور سیریل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چئیرمین مزمل چیپل نے بتایا کہ اجناس کے پاکستانی درآمد کنندگان نے مجموعی طور پر گندم کے نو جہاز بک کروائے ہیں جن میں سے ہر ایک60ہزار سے 65ہزارمیٹرک ٹن ہے اور پہلی کھیپ بدھ کو کراچی پہنچ گئی ہے اور اس آف لوڈنگ میں کم از کم دس دن لگیں گے۔انہوں نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر  بین الاقوامی منڈی میں گندم کی قیمتوں میں قدرے اضافہ ہو رہا ہے  اس وقت گندم کی درآمد مختلف قیمتوں پر کی جارہی ہے۔ اس وقت گندم کی قیمت بین القوامی منڈی میں تقریبا 240 ڈالر پر ٹن ہے۔انہوں نے بتایا کہ گندم کی دوسری کھیپ بھی اس ماہ کے آخری ہفتے میں پہنچنے کی امید ہے۔مزمل چیپل نے درآمدی گندم کی آمد سے ملک میں اجناس اور گندم کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور  قیمت کم ہوجائے گی۔
 گندم