بارش، ڈبلیو ایس ایس پی عملہ رات بھر ڈیوٹی انجام دیتا رہا

بارش، ڈبلیو ایس ایس پی عملہ رات بھر ڈیوٹی انجام دیتا رہا

  

پشاور (سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی)عملہ بارش کے دوران رات بھر ڈیوٹی دیتا رہا شہر کے مختلف علاقوں میں گزرنے والے نالوں میں پانی کا نکاس اور بہاؤ ممکن بنانے کے لئے رکاؤٹیں ہٹائیں جبکہ جہاں جہاں سڑکوں پر پانی جمع ہوتا رہا اس کا رخ بھی فوری طور نالوں کی طرف موڑ دیا۔ بارش کے امکان کے پیش نظر عملے کو پہلے ہی سے الرٹ کیا گیا تھا ہاٹ سپاٹس پوائنٹس پر مشینری اور ضروری آلات پہلے ہی سے پہنچا دیئے گئے تھے، چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ، جنرل منیجر آپریشنز اور زونل منیجرز فیلڈ میں موجود رہے اور آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ مجموعی طور صورتحال کنٹرول میں رہی جن علاقوں میں پانی سڑکوں اور چوراہوں میں امڈ آنے کا خدشہ تھا وہاں خصوصی توجہ مرکوز کی گئی تھی۔ زون اے میں چارسدہ روڈ، جی ٹی روڈ، باچا خان چوک، دلہ زاک روڈ، سعید آباد، ورسک روڈ، کتوبر چوک، پتنگ چوک، سیفن سپلائی ڈپو، زون بی میں مدینہ کالونی، دیر کالونی، لاہوری گیٹ اور سید حسن پیر روڈ، زون سی میں بھانہ ماڑی کوہاٹ روڈ اور یونیورسٹی روڈ جبکہ زون ڈی میں یونیورسٹی روڈ اور ورسک روڈ پر فوری آپریشن کرتے ہوئے پانی کا نکاس اور بہاؤ یقینی بنایا گیا، رات کو موصول ہونے والی پانی نکاس میں رکاؤٹوں بارے شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ لوگوں کی جانب سے گلی محلوں، سڑکوں اور نالوں میں پلاسٹک تھیلے اور گندگی پھینکنے کی وجہ سے بارش کے آغاز میں پانی کے نکاس اور بہاؤ میں رکاؤٹیں آئیں جنہیں دور کیا گیا۔ ڈبلیو ایس ایس پی انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ گندگی مقررہ مقامات پر پھینکیں تاکہ بارشوں میں پانی کے نکاس میں رکاؤٹ نہ ہو۔بدھ کی صبح معمول کی صفائی کے علاوہ چاروں زونز میں ہاٹ سپاٹس پوائنٹس کادورہ کرتے ہوئے عملے کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -