الخدمت کاریسکیو آپریشن جاری،متاثرین میں کھانا اور پانی تقسیم

الخدمت کاریسکیو آپریشن جاری،متاثرین میں کھانا اور پانی تقسیم

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر) الخدمت کراچی کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تحت شہر قائد کے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔متاثرین بار ش کی مدد کیلئے الخدمت رضاکارمسلسل متحرک ہیں،بدھ کو بھی متعدد علاقوں میں سینکڑوں متاثرین میں کھانا اورپینے کا پانی پہنچایا گیا، جبکہ بارش کے پانی میں پھنسے لوگوں کوبھی ریسکیو بھی کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن،سرجانی ٹاؤن،یوسف گوٹھ،قائد آباد،اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں سیکڑوں متاثرین کو پکا پکایاکھاناپہنچایا گیا۔قائد آباد میں بارش اور ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کئی کئی فٹ پانی موجو د ہے۔جہاں الخدمت کے رضاکاروں نے برساتی پانی میں پھنسے لوگوں کو کشتی کے ذریعے ریسیکیوکیااور بارش سے متاثرہ لوگوں کو گھروں تک کھانا پہنچایا۔ الخدمت کے رضاکاروں نے یوسف گوٹھ سرجانی میں بھی بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو کیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا اور انہیں بھی کھانا اورپینے کا پانی پہنچایا۔علاوہ ازیں ضلع شمالی کے تحت سہراب گوٹھ سے سرجانی ٹاؤن تک الخدمت کی گاڑیوں کو بارش میں پھنسے ہوئے لوگوں کے لیے بس سروس کے طور پر استعمال کیاگیا جس سے بڑی تعداد میں لوگوں نے استفادہ کیا۔دریں اثناء امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الخدمت نے مشکل کی ہرگھڑی میں اور پریشانی میں گھرے ہوئے لوگوں کی ہمیشہ آگے بڑھ کر مدد کی ہے،حکومت میں نہ ہونے اور سرکاری اختیارات و وسائل نہ ہونے کے باوجود اپنے وسائل اور اہل خیر کے تعاون سے امدادی سرگرمیاں انجام دیں ہیں،حالیہ بارش کے دوران بھی الخدمت کے رضاکاروں نے متاثرین کو ریسکیو کرنے اور کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں عرصہ دراز سے حکمرانوں کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث شہرکا پورا انفرااسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے اور ہر بارش میں عوام کو اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے،حالیہ مون سون کے سیزن نے حکمرانوں کے سارے دعوں اور کارکردگی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے 

مزید :

صفحہ اول -