ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت محرم کے حوالے سے اجلاس

ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت محرم کے حوالے سے اجلاس

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل عمر احمد بخاری کی  زیر صدارت رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں بدھ کو  محرم الحرام کے حوالے سے دو اہم اجلاس منعقد ہوئے، جس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی،ایڈیشنل آئی جی کراچی،ایڈیشنل آئی جی پی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی پی اسپیشل برانچ، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جیز(ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ، سی ٹی ڈی، سی آئی اے اور ٹریفک)،پولیس، رینجرزاور حساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھرمیں عاشورہ کے حوالے سے سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیااوراس حوالے سے مربوط لائحہ عمل مرتب کیا گیا جبکہ دوسرے اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے جیدعلما اور اکابرین نے شرکت کی۔ ملاقات کے دوران ڈی جی رینجرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن وامان کے قیام کے لیے رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے تمام علما اکرام اور اکابرین سے مذہبی ہم آہنگی اور کورونا ایس او پی پر مکمل عمل درآمد پر زور دیا۔ علما کے وفد نے بھی محرم الحرام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔علاوہ ازیں پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر،مشکوک سر گرمی اور نا خو ش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار،رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

مزید :

صفحہ آخر -