کراچی: ملیر میں سیلابی ریلے سے لاش برآمدکرلی گئی

کراچی: ملیر میں سیلابی ریلے سے لاش برآمدکرلی گئی

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے ملیر میں ندی کا بند ٹوٹ جانے کے باعث گزرنے والے سیلابی ریلے سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ملیر کے سموں گوٹھ میں واقع فٹ بال گراونڈ کے قریب گزرنے والے سیلابی ریلے سے مذکورہ لاش برآمد ہوئی ہے۔لاش کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے، پولیس نے ریسکیو ٹیموں کی مدد سے لاش کو اسپتال منتقل کر دیا ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں شدید بارشوں کے نتیجے میں گزشتہ روز سکھن ندی کا بند ٹوٹنے سے قائد آباد کے اطراف کئی آبادیاں زیرِ آب آگئیں۔قائدآباد کے اطراف میں ندی کے پانی کا ریلہ تاحال گزر رہا ہے، علاقے کے لوگوں نے رات چھتوں پر گزاری۔یار محمد گوٹھ، مدینہ ٹاون، شفیع گوٹھ سمیت اطراف کے علاقے ڈوب گئے، جس کے باعث لوگ، خواتین اور بچوں سمیت اپنے مکانوں کی چھتوں پر محصور ہو گئے۔پانی کے ریلے میں کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی بہہ گئیں، اس صورتِ حال کے باعث ایئر پورٹ سے قائد آباد تک ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -