کراچی کوفوری طور پر آفت زدہ شہر قرار دیا جائے،محمد فیصل 

کراچی کوفوری طور پر آفت زدہ شہر قرار دیا جائے،محمد فیصل 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کریڈ وویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صدر معروف سماجی رہنما محمد فیصل نے کراچی کا آفت زدہ شہر قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت شہر قائد کے باسیوں کی دادرسی میں ناکام ہوگئی ہے۔بدھ کو جاری بیان میں محمد فیصل نے کہا کہ بارشوں کے بعد روشنیوں کا شہر کسی سیلاب زدہ بستی کا منظر پیش کررہا ہے۔ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کی یہ حالت یہاں کی نمائندہ سیاسی جماعتوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے شہریوں اور تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصا ن ہوا ہے۔محمد فیصل نے کہا کہ بارشوں نے وفاقی،صوبائی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کی قلعی کھول دی ہے۔اس وقت سیکڑوں شہری بے گھر ہو کر مختلف مقامات پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔شہر میں نکاسی آب کا کوئی نظام موجود نہیں ہے۔کراچی کی سڑکیں کسی دریا کا منظر پیش کررہی ہیں۔حکومتی دعوے بارش کے پانی میں بہہ کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے ووٹ حاصل کرنے والی جماعتوں نے کراچی کے شہریوں کو لاوارث چھوڑدیا ہے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر کراچی کو آفت زدہ شہر قرار دے اور یہاں کے لوگوں کو چھ ماہ کے لیے ٹیکس کی ادائیگی سے استثنیٰ دیا جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -