فٹ پاتھوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے،رانا بشارت 

فٹ پاتھوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے،رانا بشارت 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وائس آف پیپلز آرگنائزیشن کے صدر رانا بشارت نے کہا ہے کہ شہرقائد کی سڑکوں پر موجود د فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کے باعث کراچی کے شہری بارشوں میں دوہرے عذاب میں مبتلا ہوگئے  ہیں۔عوام کے لیے سڑکوں پر پانی بھرجانے کے بعد فٹ پاتھوں پر پیدل سفر کرنا بھی محال ہوگیا۔پولیس،کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کی ملی بھگت سے فٹ پاتھوں میں ٹھیلے،پتھارے،غیر قانونی پارکنگ اور دیگر تجاوزات قائم ہیں۔اعلیٰ حکام غیرقانونی عمل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے کے لیے احکامات جاری کریں بصورت دیگر عدالت عالیہ سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے۔بدھ کو جاری بیان میں رانا بشارت نے کہا کہ حالیہ مون سون سیزن حکومت اور انتظامیہ کی نااہلی کے باعث کراچی کے شہریوں کے لیے اذیت بن گیا ہے۔باران رحمت کو شہر کے باسیوں کے لیے زحمت بنادیا گیا ہے۔جہاں ایک شہر کی سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں تو دوسری جانب پولیس،کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کی ملی بھگت سے فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات نے بھی شہریوں کا جینا محال کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام دنوں میں ان فٹ پاتھوں میں ٹھیلے اور پتھارے لگادیئے جاتے ہیں جن کی وجہ سے شہری ان پر چلنے سے قاصر ہوتے ہیں جبکہ کئی مقامات پر فٹ پاتھوں کو پارکنگ ایریا بنادیاگیا ہے جو شہریوں کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔رانا بشارت نے کہا کہ اس حوالے سے عدالتی احکامات بھی موجود ہیں کہ فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے لیکن انتظامیہ ان احکامات پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں میں یہ فٹ پاتھیں شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنیں اور کئی لوگ ان کی وجہ سے حادثات کا شکار ہوئے۔رانا بشارت نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے کراچی کی فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے بصورت دیگر ہم ان کے خاتمہ کے لیے عدالتوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -