حکومتی کارکردگی ہر لحاظ سے مایوس کن ہے،اشرف بھٹی

  حکومتی کارکردگی ہر لحاظ سے مایوس کن ہے،اشرف بھٹی

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومتی کارکردگی ہر لحاظ سے انتہائی مایوس کن ہے دوسالوں میں تبدیلی کا سارا بخار اتر چکا، کھوکھلے نعرے لگانے والوں سے بھی نجات کا وقت آن پہنچاہے۔عوام نے پی ٹی آئی کو بھی آزمالیا مگر اس جماعت نے بھی عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اشیاء خوردنوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

مہنگائی کی شرح میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ آٹے، گھی، چینی، اوردیگر بنیادی ضروریات زندگی کی چیزیں غریب عوام کی قوت خرید سے باہر ہو چکی ہیں۔عوام سوال پوچھتے ہیں کہ کہاں ہے وہ ایک کروڑ نوکریاں اورپچاس لاکھ گھر جن کا وعدہ انتخابات قبل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کی وجہ سے پارلیمنٹ اپنا وقار کھو چکی ہے۔ عوام موجودہ حکمرنوں کے مسلسل جھوٹ سے تنگ آگئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جس احتساب کا نعرہ حکمرانوں نے بلند کیا تھا وہ متنازعہ ہوچکا ہے۔ محکمے تباہ حال ہیں اور کرپٹ عناصر نے اپنے اپنے ریٹ مقرر کررکھے ہیں۔ جب تک اس استحصالی نظام سے چھٹکارا حاصل نہیں کرتے اس وقت تک ملک میں تبدیلی نہیں آسکتی ہے۔ 22کروڑ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -