مزدوروں کی فلاح و بہود کیلئے تمام وسائل بروئے کا لارہے ہیں،انصر مجید

  مزدوروں کی فلاح و بہود کیلئے تمام وسائل بروئے کا لارہے ہیں،انصر مجید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان سے چیئرمین پارک اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی سرگودھا سید محمود بخش گیلانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پی ایچ اے اور محکمہ محنت کے تحت مزدوروں کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مزدوروں اور اُن کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ گھریلو ورکرز کے تحفظ کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ حکومت نے گھریلو ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے فنڈ قائم کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ میں شفافیت اوراستعداد کار کو مزید بہتر بنانے کیلئے آٹو میشن سسٹم کا نفاذ کیاجا رہا ہے۔
 وزیر محنت نے سرگودھا میں شجرکاری مہم کو بہتر انداز پر چلانے کی ہدایت کی۔ وزیر محنت نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ماحول دوست اقدامات سے بہتری آئے گی۔ عوام بھی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے دفاتر میں شجرکاری کی جا رہی ہے۔  چیئرمین ہارٹیکلچر اتھارٹی نے بتایا کہ پی ایچ اے کے تحت سرگودھا ڈویژن میں شجرکاری مہم تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق سرگودھا ڈویژن میں سرسبز پاکستان مہم کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔چیئرمین پارک اینڈ ہارٹی کلچر سید محمود بخش گیلانی نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے تحت مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔