حکومت اپوزیشن کی کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیگی،صوبائی وزیر

   حکومت اپوزیشن کی کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیگی،صوبائی وزیر

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کے صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ این آر او نہ ملنے سے مایوس شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمن کے ساتھ اکٹھ دراصل حکومت کو بلیک میل کرنے کا ایک حربہ ہے جس سے حکومت کو کوئی خطرہ ہے اور نہ وہ کسی کی سیاسی بلیک میلنگ میں آئیگی۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی گم گشتہ نظریاتی منزل پانے کے راستے پر چل رہی ہے جس کا حاصل ریاست مدینہ ہے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کرکے عمران خان نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اس عہد کی تجدید کی ہے۔

 جو انہوں نے قیام پاکستان سے قبل فلسطینی مسلمانوں سے کیا تھا اور کہا تھا کہ ہمیں کسی صورت اسرائیل کا قیام قابل قبول نہیں۔ ملک بھر کیلئے نئی اور یکساں تعلیمی پالیسی قرآن و سنت کے طابع ہو کر تیار کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ہفتہ وار کھلی کچہری کے انعقاد کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ راشد حفیظ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں بالخصوص ن لیگ کی جھوٹ گڑھنے والی مشینیں رات دن کام کر رہی ہیں اور ابلاغی ذرائع خاص طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے عوام الناس کو گمراہ کر رہی ہیں۔ ن لیگ کی لیڈر شپ نے احتساب سے بچنے کیلئے جو این آر او مانگے ان کی ساری حقیقت وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز قوم کے سامنے رکھ چکے ہیں۔ حکومت نے قومی مفاد کو اپنے ذاتی سیاسی مفاد پر ترجیح دیتے ہوئے کوئی سمجھوتہ کرنے سے انکار کیا جو پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ اب یہ لوگ مایوس ہو کر باہمی اتحاد بنا رہے ہیں اور حکومت کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ ماضی میں ان ہی حکمرانوں نے ایک دوسرے کی کرپشن کو طشت ازبام کیا اور ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے کی باتیں کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوششیں کیں مگر موجودہ حکومت کے احتسابی شکنجے نے ان کے سارے ڈرامے ظاہر کر دئیے ہیں۔ ان سب نے اپنے چہروں پر ماسک چڑھا رکھے ہیں جو اندر سے کچھ اور باہر سے کچھ ہیں۔ صوبائی وزیر نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے بے بنیاد اور سراسر جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈے میں نہ آئیں اور کرپشن ختم کرکے ملک کو ریاست مدینہ جیسا بنانے میں اپنی حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں۔ راجہ راشد حفیظ نے لوگوں سے ان کے اجتماعی و انفرادی مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔دریں اثناء صوبائی وزیر نے مختلف یونین کونسلوں کے دورے بھی کئے اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے علاوہ مختلف استقبالیہ تقریبات میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے خلاف حفاظتی تدابیر ہر گز ترک نہ کریں کیونکہ ابھی کورونا کا خطرہ موجود ہے۔  

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -