اظہر علی کی ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری: بابر اعظم کی پانچویں پوزیشن برقرار 

اظہر علی کی ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری: بابر اعظم کی پانچویں پوزیشن برقرار 

  

 دبئی(نیٹ نیوز) انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کرنے پر قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی ہوگئی ہے۔ ساؤتھ ہمپٹن کی مشکل کنڈیشنز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں اپنے کیریئر کی 17ویں سنچری سکور کرنے والے اظہر علی کی عالمی درجہ بندی میں 11 درجے ترقی ہوئی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ حالیہ درجہ بندی کے بعد 34ویں پوزیشن پر موجود اظہر علی اب رینکنگ میں 23ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ بابراعظم نے رینکنگ میں اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ رینکنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ (911 پوائنٹس) پہلے، ویرات کوہلی (886پوائنٹس) دوسرے، مارنس لبوشین (827 پوائنٹس) تیسرے اور کین ولیمسن (812 پوائنٹس) چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ سیریز میں پاکستان کی جانب سے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ جیتنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان  3درجے ترقی پاکر بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں 72ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ کھلاڑیوں میں اسد شفیق 26ویں، شان مسعود 29ویں اور عابد علی 59ویں پوزیشن پر  موجود ہیں۔ طویل طرز کی کرکٹ میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عباس کی عالمی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے۔ وہ 8ویں  سے 13ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ ایک درجے تنزلی کے  بعد 23ویں، شاہین شاہ آفریدی 33ویں اور نسیم شاہ 57ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ جیمز اینڈرسن کی عالمی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔ وہ  اب محمد عباس کی جگہ 8ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز، انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ اورنیوزی لینڈ کے نیل  ویگنار بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ اس طرح سے انگلینڈ سے کھیلے گئے ٹیسٹ سیریزکے تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے زیادہ تر کھلاڑیوں کی تنزلی ہوئی ہے ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -