وائٹالٹی بلاسٹ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ آج شروع ہوگا

وائٹالٹی بلاسٹ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ آج شروع ہوگا

  

لندن  (اے پی پی) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام  تیسرا وائٹالٹی بلاسٹ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا 17 واں ایڈیشن  آج انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ کا تیسرا سیزن ہے جس کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے وائٹالٹی بلاسٹ کے نام سے موسوم کیا ہے۔ ای سی بی پہلے ہی ٹورنامنٹ کے فکسچر کی تصدیق کر چکا ہے۔

 اس سے قبل ٹورنامنٹ کا آغاز رواں سال 28 مئی کو ہونا تھا اور 5 ستمبر 2020 کو ختم ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی عالمگیر وبا  کے باعث 24 اپریل 2020 کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ایونٹ موخر کر دیا تھا۔ 18 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی جن میں ڈربی شائر فالکنز، ڈرہم، لنکا شائر لائٹنگ، لیسٹر شائر فاکس، ناٹنگھم شائر آؤٹ لاؤس، یارکشائر وائی کنگز،  برمنگھم بیئرز، گلیمرگن، گلوسٹر شائر، نارتھمپٹن شائر سٹیل بیکس، سمرسیٹ، ورسیسٹر شائر ریپڈز، ایسیکس ایگلز، ہیمپشائر، کینٹ سپٹ فائرز، مڈل سیکس، سرے اور سسیکس شارک شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شامل ان 18 ٹیموں کو تین نارتھ، سینٹرل اور ساؤتھ گروپس  میں تقسیم کیا گیا ہے۔ نارتھ گروپ میں ڈربی شائر فالکنز، ڈرہم، لنکا شائر لائٹنگ، لیسٹر شائر فاکس، ناٹنگھم شائر آؤٹ لاؤس اور یارکشائر وائی کنگز کو رکھا گیا ہے، سینٹرل گروپ میں برمنگھم بیئرز، گلیمرگن، گلوسٹر شائر، نارتھمپٹن شائر سٹیل بیکس، سمر سیٹ اور ورسیسٹر شائر ریپڈز شامل ہیں جبکہ ساؤتھ گروپ میں  ایسیکس ایگلز، ہیمپشائر، کینٹ سپٹ فائرز، مڈل سیکس، سرے اور سسیکس شارک شامل ہیں۔ وائٹالٹی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ محدود اوورز کا فارمیٹ ہے۔ 27 اگست سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے وائٹالٹی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے  تیاریاں عروج پر ہیں۔ جس میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ وائٹالٹی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ناک آؤٹ سسٹم کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔ ایسیکس کی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔ ٹورنامنٹ (آج) جمعرات  سے شروع ہوکر 38 دن جاری رہنے کے بعد 3 اکتوبر کر اختتام پذیر ہوگا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -