”میئر کراچی وسیم اخترکا تعلق اس ایم کیو ایم سے نہیں ہے جس سے ۔۔۔“ عندلیب عباس اتحادی جماعت کے میئر وسیم اختر کے سیاسی تعلق سے بے خبر نکلیں
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے ٹی وی پروگرام میں کراچی کے میئر وسیم اختر کو اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا رکن تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
جیو نیوز کے مطابق ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عندلیب عباس نے کہا کہ ’میئر کراچی وسیم اخترکا تعلق اس ایم کیو ایم سے نہیں ہے جس سے تحریک انصاف کا اتحاد ہے‘۔
اس دوران اینکر نے عندلیب عباس کو روک کر دوبارہ پوچھا تو انہوں نے پھر وہی جواب دیا کہ وسیم اختر کا تعلق اس ایم کیو ایم سے نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کہ بہت ساری ایم کیو ایم ہیں، جن سے ہماری آئیڈیالوجی نہیں ملتی، وہ ہمارے اتحاد کا حصہ نہیں ہوتے۔
اس دوران شو میں شریک صوبائی وزیر شہلا رضا اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر پی ٹی آئی رہنما کی گفتگو پر مسکراتے رہے۔خیال رہے کہ تحریک انصاف کے وزراءاور ارکان متعدد بار ٹی وی شوز اور میڈیا ٹاک میں ایسے موضوعات پر بات کرچکے ہیں جس سے وہ بالکل بے خبر تھے اور سوشل میڈیا پر ان کا مذاق بنایا گیا ہے۔