سینیٹر سراج الحق نے حکومت اور اپوزیشن پر ایسا سنگین الزام عائد کردیا کہ نئی بحث چھڑ جائے گی

سینیٹر سراج الحق نے حکومت اور اپوزیشن پر ایسا سنگین الزام عائد کردیا کہ نئی ...
سینیٹر سراج الحق نے حکومت اور اپوزیشن پر ایسا سنگین الزام عائد کردیا کہ نئی بحث چھڑ جائے گی

  

ثمرباغ(ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت اور اپوزیشن آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے مفادات کی تکمیل کے لیے ایک ہی ایجنڈے پر ہیں،سابقہ حکمران پارٹیاں عوام کے ساتھ نہیں بلکہ ظالمانہ اقدامات میں حکومت کی دست راست بن گئی ہیں،وزیراعظم کو وعدوں کی خلاف ورزی اور عوام کو بے وقوف بنانے پر قومی ایوارڈ ملنا چاہیے،حکومت نے عوام کے مفاد کے لیے کوئی قانون سازی نہیں کی جبکہ ایف اے ٹی ایف کے لیے ایک درجن بل پاس کروائے،جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مرکزی نقطہ ملک میں آئین کی بالادستی ہے۔

 جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن ملک یا عوام کے لیے نہیں، پاکستان میں عالمی استعماری قوتوں کے مفادات کی تکمیل کےلیےقوانین بنارہی ہیں،حکومت کی پالیسیوں سےمعیشت تباہ ہو چکی ، عوام غربت،مہنگائی،بےروزگاری کےہاتھوں سخت پریشان ہیں ، لاقانونیت کا یہ حال ہے کہ نقیب اللہ محسود سمیت چار سو لوگوں کا قاتل قانون کا منہ چڑا رہاہے،سانحہ ماڈل ٹاؤن،سانحہ بلدیہ ٹاؤن اورسانحہ ساہیوال کےمجرم ابھی تک نہیں پکڑےجارہے۔انہوں نے کہاکہ غربت ایسااندھاکنواں ہے،جس میں گرنےوالے کی چیخوں کی آواز بھی باہرنہیں آتی،خیبر پختونحوامیں لوڈشیڈنگ سےعوام بلبلا اٹھے ہیں،حکومتی دعوؤں کےبرعکس روزانہ بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ، حکومت کے پی کے کو بجلی کے منافع سے حصہ تو دے نہیں رہی اور بجلی کے بل اتنے آتے ہیں کہ لوگوں کی قوت برداشت جواب دے گئی ہے مگر لوڈشیڈنگ کا دورانہ کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھتا جارہاہے ۔ 

 سینیٹر سراج الحق نے کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے حالات کی ذمہ دار وفاقی ،صوبائی اور شہری حکومتیں ہیں،کراچی ملک کا معاشی حب ہے مگر شہر کو حکمران جماعتوں نے کچرے اور کیچڑ کی دلدل بنا دیاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کاروں کو ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ لوگوں کی خدمت میں کوئی کسراٹھا نہ رکھی جائے،الخدمت فاؤنڈیشن نے مشکل کی ہر گھڑی میں قوم کی خدمت کی ہے،بارشوں اور سیلاب کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

مزید :

قومی -