کراچی میں آرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم، حیدر آباد میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری، دادومیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جوان تعینات: آئی ایس پی آر

کراچی میں آرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم، حیدر آباد میں بھی امدادی ...
کراچی میں آرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم، حیدر آباد میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری، دادومیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جوان تعینات: آئی ایس پی آر

  

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں بارشوں سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے اور شہر کو مزید سیلابی پانی سے بچانے کیلئے پاک فوج کے جوان امدادی کاموں میں مصروف ہیں جنہوں نے مختلف مقامات پر امدادی کیمپ قائم کرنے کے علاوہ پانی کا بہاﺅ روکنے کیلئے بند بھی کئے ہیں، متاثرہ افراد کو کشتیوں کے ذریعے مختلف علاقوں سے نکالنے اور انہیں کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے، دادو میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جوانوں کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ 

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور کئی علاقوں میں لوگ محصور ہیں، کراچی میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے جو متاثرہ افراد کی مدد کر رہا ہے

آئی ایس پی آر کے مطابق گلبرگ،لیاقت آباد اور نیو کراچی میں میڈیکل کیمپ بھی کام کر رہا ہے اور اس کے علاوہ حیدرآباد میں امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں اور اب تک بارش اور سیلابی پانی سے متاثرہ 10,000 افراد کو کھانا فراہم کیا گیا ہے، ایم نائن ناردرن بائی پاس کے قریب آرمی انجینئرز نے بند قائم کیا اور نکاسی آب کیلئے آرمی انجینئرز نے کے الیکٹرک گرڈ سٹیشن، سعدی ٹاﺅن اور ملیرمیں تین پلانٹ بھی لگائے، پانی کا بہاﺅ روکنے کیلئے ان علاقوں میں بند بھی قائم کئے گئے ہیں۔ 

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی کے جوانوں نے قائد آباد کے قریب ملیر ندی کا شگاف پر کر دیا ہے اور پاک فوج کی کشتیاں متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔ نیوی کے غوطہ خوروں نے شاہ فیصل ٹاﺅن اور کورنگی سے دو لاشیں بھی نکالیں جبکہ نیوی کے ہیلی کاپٹروں نے کورنگی، قائد آباد اور شفیع آباد کا فضائی جائزہ لیا ، حیدر آباد میں لطیف آباد کے مقام پر ریلیف اور میڈیکل کیمپ بھی قائم ہو چکا ہے جہاں متاثرہ افراد کو کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے، آرمی ٹیمیں حیدر آباد کے علاقوں سے پانی نکال رہی ہے جبکہ دادو میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جوانوں کو تعینات کیا گیا۔ 

مزید :

اہم خبریں -قومی -