بارش کے ستائے کراچی والوں کیلئے بری خبر، حب ڈیم مکمل بھرگیا، سپل ویز سے پانی کا اخراج شروع

بارش کے ستائے کراچی والوں کیلئے بری خبر، حب ڈیم مکمل بھرگیا، سپل ویز سے پانی ...
بارش کے ستائے کراچی والوں کیلئے بری خبر، حب ڈیم مکمل بھرگیا، سپل ویز سے پانی کا اخراج شروع

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں جاری حالیہ تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں حب ڈیم بھر گیا ہے، گزشتہ 13 برس میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ حب ڈیم اپنی مقررہ حد تک پورا بھرا ہو۔ ڈیم بھرنے کے بعد سپل ویز سے پانی کا اخراج شروع ہوچکا ہے۔

بلوچستان کے بعض علاقوں سمیت کراچی کو پینے کا اضافی پانی فراہم کرنے والا حب ڈیم حالیہ بارشوں کے نتیجے میں مکمل بھر گیا۔ 13 سال میں پہلی بار ہوا ہے کہ حب ڈیم میں پانی 338 فٹ کا نشان عبور کرگیا ہے۔

واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 روز کے دوران 8 فٹ جبکہ گزشتہ ایک رات میں حب ڈیم میں پانی کی سطح 2 فٹ بلند ہوئی ہے، 339 فٹ کی سطح پر آج کسی بھی وقت حب ڈیم کے اسپل ویز سے پانی کا اخراج شروع ہو سکتا ہے۔ حالیہ مون سون کے دوران حب ڈیم میں مجموعی طور پر 30 فٹ پانی آیا ہے، اگر پانی کی سطح زیادہ بلند ہوئی تو ڈیم کے ہنگامی گیٹ بھی کھولے جاسکتے ہیں۔

واپڈا افسر سہیل صدیقی کے مطابق حب ڈیم میں سے نکلنے والی ایک نہر بلوچستان کے علاقوں کو پانی فراہم کرتی ہے جبکہ دوسری نہر کراچی کے غربی علاقوں کو 100 ملین گیلن پانی روزانہ فراہم کرتی ہے۔ اس وقت حب ڈیم میں جتنا پانی ذخیرہ ہوچکا ہے وہ شہر قائد کی آئندہ 3 سال کی ضروریات کیلئے کافی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شام کے وقت شروع ہونے والی بارش کے باعث حب ڈیم میں پانی کی رہی سہی کسر بھی پوری ہوگئی  ہے اور اب ڈیم کے سپل ویز سے پانی کا اخراج شروع ہوچکا ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -