کراچی میں طوفانی بارشیں،بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے بڑی اپیل کر دی

کراچی میں طوفانی بارشیں،بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سمیت تمام سٹیک ...
کراچی میں طوفانی بارشیں،بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے بڑی اپیل کر دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی اور صوبے کے دیگر حصوں میں جاری حالیہ طوفانی بارش نے گذشتہ 90 سالوں سے زیادہ عرصے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے،اُنہوں نے ملک کے تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ وہ اِس قدرتی آفت پر سیاست کرنے کی بجائے حالات کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران پی پی پی چیئرمین نے صوبے میں جاری موسلادھار بارش کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ہر ممکن موثر اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہونے والی تباہی اور اس کے تسلسل میں آئںدہ ہونے والے نقصانات کا ایک قوم بن کر سامنا کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ انسانی ذات راتوں رات اس طرح کی آفات پر قابو پانے کی طاقت نہیں رکھتی۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ پر زور دیا کہ کراچی کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کے اخراج اور وہاں حالات کو معمول پر لانے کے لئے حکومتِ سندھ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے،وفاقی حکومت کو بھی دعوت دی جائے کہ وہ پوائنٹ سکورنگ کھیلنے کے بجائے اپنی کاوشوں کا حصہ ملائے کیونکہ موجودہ صورتحال قدرت کا ایک امتحان ہے تاکہ قوم اپنے اتحاد اور اجتماعی اقدامات اٹھانے کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو اینڈ ریلیف کے کاموں میں مزید تیزی لائی جائے، کیونکہ ہر شہری کی زندگی ریاست خواہ حکومت کے ہر حصے کے لئے انتہائی اہم ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے تمام سیاسی رہنماوَں پر زور دیا کہ وہ اپنے سیاسی تضادات و مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے، عوام کو حکومت و امدادی اداروں کے تعاون سے اپنے آپ کو محفوظ بنانے دیں۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ حالیہ بارش نے تقریباً ایک سو سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، لیکن جیسا کہ عوام الناس، ان کی جان و مال اور اثاثوں کی حفاظت کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، اس لیئے عوام کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے الزام تراشیوں کا سلسلہ اب ختم کرنا چاہئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر پارٹی کے منتخب نمائندوں، عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت جاری کیں کہ وہ عوام کی مدد کرنا جاری رکھیں۔ انہوں نے ان افراد کو سراہا جو جو بدترین موسم میں بھی صوبے کے طول و عرض میں شہریوں کی امداد کے لیئے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں اور عوام کو اپیل کی کو وہ ان افراد کو اپنی دعاوَں میں یاد رکھیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پارٹی چیئرمین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کےسلسلے میں ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے اور صوبائی کابینہ کے تمام ارکان اِس وقت انتظامیہ کی جانب سے مشکل میں پھنسے شہریوں کے لیئے جاری امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور ان میں اپنا حصہ ملانے کے لئے میدان میں ہیں۔

مزید :

قومی -