سابق ٹیسٹ کرکٹرنوشاد علی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی،صباءشمیم
اسلام آباد(اے پی پی):پاکستان ٹائیکوانڈو فیڈریشن (خواتین) کی صدر میڈم صبا شمیم جدون نے سابق ٹیسٹ کرکٹر کرنل ریٹائرڈ نوشاد علی کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم کی ملک میں کرکٹ کے کھیل کی ترقی کے لئے خدمات کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ کرنل (ر) نوشاد علی نے 6 ٹیسٹ میچز میں بطور وکٹ کیپر بیٹسمین پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 83 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جس میں نو سنچریاں اور 20 نصف سنچریاں سکور کیں۔کرنل نوشاد علی نے 1960 سے 1979 تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔آئی سی سی کی جانب سے 13 ایک روزہ میچز اور 5 ٹیسٹ میچز میں میچ ریفری کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔