موسم سرما کی سبزیوں کے بیجوں کے پیکٹس کی تیاری کا کام شروع

 موسم سرما کی سبزیوں کے بیجوں کے پیکٹس کی تیاری کا کام شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (اے پی پی):فیصل آباد میں کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت موسم سرما کی سبزیوں کے بیجوں کے پیکٹس کی تیاری کا کام شروع کردیاگیا۔ محکمہ زراعت کا توسیعی شعبہ بیجوں کے پیکٹس ستمبرسے اکتوبرتک سبسڈائزڈنرخوں پرصوبہ کے تمام اضلاع میں شہری ودیہی عوام کو فروخت کے لیے فراہم کرے گا۔ماہرین زراعت نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد آلودگی سے پاک سبزیوں کا حصول اور گھریلو بجٹ پر دبا کم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کیلئے عموما ایک سے 5مرلہ جگہ درکار ہوتی ہے اور ایک اوسط درجے کے خاندان کی سبزیوں کی ضروریات پورا کرنے کے لیے 3مرلہ جگہ کافی ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر گھر وں میں زمین موجود نہ ہوتو اس مقصد کے لیے مٹی کے بنے ہوئے گملے، پلاسٹک کے ٹب، ٹوکریاں، لکڑیوں کے کریٹ، پلاسٹک شاپر، کھاد والے تھیلے، پلاسٹک اور لوہے کے ڈرم اور پرانے ٹائر ز استعمال کئے جاسکتے ہیں جنہیں مٹی، گلی سٹری گوبر کی کھاد اور بھل کی یکساں مقدار والے آمیزہ سے بھر لیا جائے۔ انہوں نے گھریلو پیمانے پر سبزیاں کاشت کرنے والوں کو سفارش کی کہ وہ سبزیوں کی دیرپا فراہمی کے لیے ان کی بوائی 10، 10دن کے وقفہ سے کریں اوربوائی کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ بیج مناسب گہرائی تک کاشت کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ چھوٹے پلاٹوں میں مرچ، ٹماٹر، مولی، گاجر، شلجم، میتھی، پالک اور دھنیا کو کھیلیوں پر کاشت کریں جبکہ مختلف کنٹینرز میں سبزیوں کی کاشت کی صورت میں اس بات کا خیال رکھیں کہ ان میں نمی سوکھنے نہ پائے۔ اور نہ ہی بہت زیادہ پانی جمع ہونیز کنٹینرز میں اگائی گئی سبزیوں کو گھر میں دیواروں سے کم ازکم ایک فٹ دور ایسی جگہ پر رکھیں جہاں کم ازکم 6سے8گھنٹے دھوپ لگے۔انہوں نے کہاکہ گھریلو پیمانے پر کنٹینرز میں کاشتہ سبزیوں کی روزانہ 15سے 20منٹ جبکہ3سے 5مرلہ زمین پرکاشتہ سبزیوں کی 30سے45منٹ کی دیکھ بھال سے بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -