بجلی،پٹرولیم مصنوعات صنعت و تجارت کی بنیادی ضرورت ہیں،ملک ندیم
لاہور(سٹی رپورٹر) ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک ندیم نے کہا ہے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات صنعت و تجارت کی بنیادی ترین ضرورت ہیں۔ پٹرول اور بجلی کی بلند ترین سطح پر قیمتیں کاروبار زندگی کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ مہنگائی کی بے رحم لہر سے غریب مجبور عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہے۔ ملک میں سراسیمگی کے خوفناک حالات مہنگائی کے خاتمے سے ہی کنٹرول میں آسکتے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے سے ہی ملکی معیشت بحران زدہ حالات سے باہر آئے گی اور کاروبار چل سکیں گے۔ حکومت روپے کی بے قدری پر قابو پانے کیلئے ملکی کاروباری امور کو بحران سے نکالے۔ معاشی بحران کے حل کیلئے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضع کمی کی جائے ۔ ڈالر کی پرواز روکنے کیلئے روپے کی قدر کو بہتر بنایا جائے۔