بجلی ، پٹرول کی قیمت میں اضافہ فی الفورواپس لیا جائے ، سراج الحق
لاہور، چیچہ وطنی(نمائندہ خصوصی، نامہ نگار، نمائندہ پاکستان)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ90 دنوں سے ایک دن زیادہ بھی الیکشن میں تاخیر قبول نہیں۔ مقررہ آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد کے لیے سپریم کورٹ جارہے ہیں۔ منصورہ میں بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے رہنما علامہ دلاور حسین سعیدی کی شہادت کے سلسلے میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مہنگائی، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا اور عوام سے اپیل کی کہ اپنے حق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاو¿ں چاند پر اور ہمارے حکمرانوں کے عوام کی گردنوں پر ہیں۔ گزشتہ پانچ برسوں میں تین حکومتیں بدلیں، پالیسیاں آئی ایم ایف کی ہی چل رہی ہیں۔ بجلی کے بل میں 16 اقسام کے ٹیکسز شامل ہیں، فی یونٹ قیمت56 روپے تک چلی گئی، غریب بل ادا کرتا ہے، حکمران طبقہ اربوں کی بجلی مفت استعمال کرتا ہے، مزدور کابجلی کا بل ہی 50 ہزار تک چلا گیا، لوگ بلوں کو جلا رہے ہیں، خودکشیاں کررہے ہیں، غریبوں کو قربانیوں پراکسانے اور ان کا خون نچوڑنے والے سن لیں عوام مزید قربانیاں نہیں دے سکتے، قرض لے کر کھانے والے حکمرانوں کی جائیدادوں کا آڈٹ کروایا جائے اورانہیں بیچ کر ملک کا قرض اتارا جائے، غریب نے قرضہ لیا نہ وہ ادا کرے گا، ہم خاموش نہیں رہیں گے، قوم امریکہ اور آئی ایم ایف کا غلام بننے کو تیار نہیں، یکم ستمبر کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں نوجوانوں کا احتجاج ہوگا۔ نگران حکومت اگر تاریخ میں نام لکھوانا چاہتی ہے تو صاف اور شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے تعاون کرے۔ بجلی، پٹرول کی قیمت میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے تقریب سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے بھی خطاب کیا اور دلاور سعیدی کی جدوجہد اور شہادت کو امت کے لیے غلبہ دین کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا پیغام قرار دیا۔ دیگر مقررین اور سٹیج پر موجودہ اہم شرکامیں نائب امیر ڈاکٹر فرید پراچہ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک اور مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس اور قاری زوار بہادر شامل تھے۔ سراج الحق نے علامہ سعیدی اور بنگلہ دیش میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد میں شہید ہونے والے ہزاروں افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لیے استقامت کی دعا کی۔ چیچہ وطنی میں مہنگائی، بدامنی ، بے روزگاری ، بجلی، تیل، گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کےخلاف جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔
سراج الحق