کینیڈا میں سکالرشپس  ہونہار طلبہ کے لئے اعلیٰ تعلیم بالکل مفت!

کینیڈا میں سکالرشپس  ہونہار طلبہ کے لئے اعلیٰ تعلیم بالکل مفت!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ یہاں رہنے والے باشندے اپنی صلاحیتوں کے اعتبار سے دنیا میں کسی سے کم نہیں۔ ارفع کریم دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ انجینئر کا تعلق بھی پاکستان ہی سے تھا۔ پاکستان میں ایک سے بڑھ کر ایک ذہین اور بہترین صلاحیتوں کے حامل نوجوان ہیں، جو وسائل نہ ہونے کے سبب اعلیٰ تعلیم سے محروم ہو جاتے ہیں۔اس مضمون میں ایسے ہی طلبہ کی رہنمائی کے لئے کچھ تجاویز دی جا رہی ہیں جن پر عمل کر کے وہ دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں بغیر اخراجات کے سکالرشپ کے ذریعے اعلیٰ تعلیم مکمل کر کے اپنے مستقبل کو محفوظ کر سکتے ہیں۔
2022ءکی ایک رپورٹ کے مطابق 765000 پاکستانی تعلیم اور بہتر روزگار کی تلاش میں بیرونِ ملک گئے۔ 
کینیڈا رقبے کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے، یہ براعظم شمالی امریکہ میں واقع ہے۔ جنوب میں اس کی سرحد امریکہ سے ملتی ہے۔ پاکستان کے کینیڈا کے ساتھ گہرے تجارتی تعلقات ہیں۔ ہر مشکل گھڑی میں کینیڈا نے پاکستان کی مدد کی ہے۔ حالیہ کینیڈین مردم شماری کے مطابق تقریباً 3 لاکھ پاکستانی کینیڈا میں مقیم ہیں۔ اگر آپ کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم ، ملازمت یا سیاحت کے لئے جانا چاہتے ہیں تو کینیڈین حکومت کی شرائط مکمل کر کے صحیح طریقے سے کینیڈا کا ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔ پاکستان میں کینیڈین سفارتخانہ اسلام آباد میں موجود ہے جبکہ قونصل خانے کراچی اور لاہور میں ہیں۔ اس کے لئے آپ کے پاس پاسپورٹ ہونا ضروری ہے۔اگر پاسپورٹ پہلے سے موجود ہے تو اس کی میعاد ختم ہونے میں کم از کم 6 ماہ ہونے چاہئیں۔ ویزے کے حصول کے لئے آپ کا ماضی مجرمانہ سرگرمیوں سے پاک ہونا ضروری ہے، بصورت دیگر آپ کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ویزہ درخواست کے ساتھ اپنی جائیداد اور خاندانی اثاثوں کی تفصیل بھی فراہم کرنا ہو گی۔امیگریشن افسر کو مطمئن کرنا ہوگا کہ ویزے کی میعاد پوری ہونے پر آپ فوراً وطن واپس لوٹ آئیں گے۔ مزید یہ کہ وہاں رہنے کے لئے آپ کے پاس معقول مالی ذرائع آمدن ہوں تاکہ وہاں آپ کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
اگر آپ سٹوڈنٹ ویزے کے لئے رجوع کر رہے ہیں تو اس کے لئے سب سے پہلے آپ کو IELTS کی تیاری کرنا ہوگی۔ یہ بیرونِ ملک سفر کرنے سے قبل دیا جانے والا انگریزی کا امتحان ہے، جس میں 6.5 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہیں۔ اگر آپ کسی بھی نمایاں تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا چاہتے ہیں تو پھر اس کے لئے آپ کو 7 نمبر حاصل کرنا ہوں گے۔ بعد ازاں انہیں مطمئن کرنا ہوگا کہ آپ حقیقی معنوں میں اس سکالرشپ کے حقدار ہیں۔ اس کےلئے آپ Statement of Purpose بیان کریں گے۔ اس میں آپ کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آکر کیسے اپنے فرائض پورے کریں گے۔ سٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کے دو طریقے ہیں۔ پہلا طریقہ سٹوڈنٹ ڈائریکٹ سٹریم ہے، جس میں آپ کو ایک سال کی فیس پہلے سے ادا کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ تعلیمی ادارے سے آفر لیٹر لینا ہوگا۔ GIC یعنی کینیڈین بینک میں 10000 ڈالر جمع کروانا ہوں گے تاکہ وہاں قیام کے دوران کوئی مشکل پیش نہ آئے، جبکہ Non-SDS میں ایک سال کی فیس جمع کروانے کے ساتھ آپ کو بینک سٹیٹ منٹ بھی جمع کروانا ہوگی۔اس کے بعد فیس ادا کر کے تعلیمی ادارے سے آفر لیٹر کے لئے رجوع کیا جائے گا، جس کو حاصل کرنے کے بعد دیگر دستاویز کے ساتھ جمع کروایا جائے گا۔ ایمبسی کے بتائے ہوئے ڈاکٹر سے میڈ یکل کروانے کے بعد اس کی رپورٹ جمع کروائی جائے گی۔ 
آج کل میڈیکل کے لئے تقریباً 30000 روپے تک خرچ ہو رہے ہیں۔ اگلے مرحلہ بایو میٹرک کا ہے جو ایک بار کروانے کے بعد آئندہ دس سال کے لئے قابلِ قبول ہو گی،اس کے بعد پاسپورٹ ویزہ سٹیمپ کے لئے بھیجا جائے گا۔ اس سارے عمل کو مکمل ہونے میں 2 سے 3 ماہ لگ سکتے ہیں۔حکومت پاکستان کی کاوشوں سے اب یہ عمل 20 دنوں میں بھی مکمل کیا جا سکتا ہے۔
کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا سنہری موقع: کینیڈین حکومت کی جانب سے سال 2023-2024 ءکے لئے Vanier Canada Graduate Scholarship طلبہ کے لئے دستیاب ہے۔ اس سکالرشپ میں طلبہ 3 سال تک 50000 ہزار کینیڈین ڈالر سالانہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سکالرشپ کے تحت کینیڈا کی مختلف یونیورسٹیوں ،جن میں یونیورسٹی اوف Alberta , Dalhouise , McGillاور Manitoba وغیرہ شامل ہیں، میں داخلہ لینے کی آخری تاریخ یکم نومبر 2023ءہے۔ کینیڈین حکومت کی جانب سے Banting Postdoctoral Fellowshipکے پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے۔ یہ پروگرام 2 سالہ دورانیے کا ہے ، جس میں 70000 کینیڈین ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ اس سکالرشپ سے فائدہ اٹھانے کے لئے کچھ شرائط ہیں، اس سکالرشپ کے تحت رجوع کرنے والے افراد کینیڈا کے کسی دوسرے ادارے میں داخلہ حاصل نہیں کر سکتے۔ 
پی۔ایچ۔ڈی میں داخلہ لینے سے قبل گزشتہ تمام تعلیمی ریکارڈ کی موجودگی کو یقینی بنانا ہوگا۔ اس سکالرشپ میں آپ اپنے ادارے کی طرف سے بھی رجوع کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں نیشنل سائنسز اینڈ انجینئرنگ کونسلز اور سوشل سائنسز اینڈ ہیومنٹیز کے شعبوں میں ریسرچ کا موقع حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سکالرشپ کےلئے کینیڈا کی 13 مختلف یونیورسٹیوں سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ اس میں داخلہ لینے کی تاریخ 20 ستمبر 2023ءہے۔
یونیورسٹی آف برانڈن میں ٹیچنگ کی پوسٹ کے لئے رجوع کرنے کے لئے آپ کی تعلیمی قابلیت پی ایچ ڈی ہونے کے ساتھ ساتھ ، آپ کو کینیڈا کے جغرافیہ کے بارے میں مکمل معلومات ہونی چاہئےں تاکہ طلبہ کو بہتر انداز میں سمجھایا جاسکے۔ اس کی ماہانہ تنخواہ چھ سے سات ہزار امریکی ڈالر تک ہو سکتی ہے۔اسی طرح کینیڈا کی مختلف یونیورسٹیوں میں لائبریرین کی پوسٹ کے لئے رجوع کیا جا سکتا ہے ۔ اس کےلئے تعلیمی قابلیت ماسٹر آف لائبریری سائنس ہونے کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ ، ریسرچ کے حوالے سے معلومات اور انگریزی میں مہارت ہونی چاہئے۔اس کے علاوہ دیگر شعبوں اور اداروں میں اپنی قسمت آزمانے کے لئے انٹرنیٹ پر سرچ کرکے معلومات حاصل کریں اور مطلوبہ شرائط پوری کر کے کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم یا ملازمت حاصل کر کے اپنے مستقبل کو تابناک اور محفوظ بنا سکتے ہیں۔
٭٭٭

مزید :

ایڈیشن 1 -