’بھارت نے چاند پر اور ہماری حکومت نے عوام کی گردن پر پاؤں رکھا‘ سراج الحق نے قوم کے دل کی بات کہہ دی
لاہور(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت نے چاند پر، ہماری حکومت نے عوام کی گردن پر پاؤں رکھا ہے،بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما علامہ دلاور حسین شہیدی کے حوالے سے منصورہ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ علامہ دلاور سعیدی اور البدر و الشمس کے کارکنان نے مشرقی پاکستان کی سرزمین پر قربانیاں دیں تو ایک ہی مقصد کلمہ تھا،انہوں نے بتایا کہ چٹا گانگ میں جماعت اسلامی کے رہنماں کو تندور میں کھڑا کرکے آگ میں ڈالنے سے پہلے بنگلہ دیشی حکومت نے کہاکہ پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگاؤ لیکن انہوں نے کلمہ طیبہ کا نعرہ لگایا، علامہ دلاور حسین نے بنگلہ دیشی حکومت کو ہر بار کہاکہ پاکستان کا مطلب لااِلہ اِلا اللہ ہے، پاکستان کا مقصد ایک ہی ہے جہاں انسان کے بجائے اللہ کی حاکمیت ہو۔
سراج الحق نے کہا کہ آج پاکستان میں خود پاکستانیوں کیلئے عزت کے ساتھ جینا و سانس لینا ناممکن بنایا گیا ہے، 45 سال حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلنے والی پارٹیوں نے حکومت کی، وقت آ گیا عوام فیصلہ کرے پاکستان کو اگر قیامت کی صبح تک محفوظ رکھنا ہے تو ایک راستہ ملک کو آئین ، قرآن و حدیث کے مطابق چلانا ہے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، پی ڈی ایم آئی اور چلی گئیں، نگران حکومت بھی آئی لیکن ان تینوں نے وہی کیا جو ورلڈ بینک نے کہا، آئی ایم ایف کی زنجیروں کو قوم کے ہاتھوں میں ڈالا ، روز حکومت بجلی و پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ 14 اگست کو نئے وزیر اعظم نے اقتدار سنبھالا تو پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کر دیا،3 بار بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے فی یونٹ56روپے تک پہنچ گیا ہے،امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت 16 اقسام کے ٹیکسز شامل کرکے بجلی کے بلز کا گرینڈ بم عوام پر برسا رہی ہے، اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے، نگران حکومت الیکشن کمیشن کے ذریعے90 روز میں الیکشن کروائے، ایک روز کی تاخیر بھی جماعت اسلامی کے لئے ناقابل قبول ہے، بروقت انتخابات کیلئے سپریم کورٹ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کرکے قوم کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے جماعت اسلامی گلی گلی کوچے کوچے مظاہرے کرے گی، اندھیر نگری چوپٹ راج حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے،انہوں نے کہا کہ بھارت نے چاند پر قدم رکھا تو حکومت نے عوام کی گردن پر پاں رکھا ہے ، چھری آئی ایم ایف کی اور ہاتھ حکمرانوں کے ہیں ، چھری سمیت ظالم حکمرانوں کے ہاتھ کو توڑیں گے، ظلم کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں گے، سیاست سے بالاتر ہوکر ہر پاکستانی آواز بلند کرے، غریب نے نہیں حکمرانوں نے ملک کو لوٹا اور آئی ایم ایف سے قرضہ لیا ہے ، ان کی جائیدادیں فروخت کرکے قرضہ اتارنا ہوگا۔