خدمات کی تجارت کا خسارہ 1ارب ڈالر سے بڑھ گیا

خدمات کی تجارت کا خسارہ 1ارب ڈالر سے بڑھ گیا

کراچی (اکنامک رپورٹر)امریکہ کی جانب سے کولیشن سپورٹ فنڈ میں کمی کے باعث خدمات کی تجارت کا خسارہ 1ارب ڈالر سے بڑھ گیاہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی سے نومبر 2013 کے دوران کولیشن سپورٹ فنڈ سے 32کروڑ 20لاکھ ڈالر موصول ہوئے، گذشتہ مالی سال اس دوران سی ایف ایس کی مد میں 1ارب 11کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کولیشن سپورٹ فنڈ کی وصولی میں کمی کے باعث خدمات کے شعبے کا خسارہ بڑھا، اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پانچ ماہ میں خدمات کی تجارت میں 1ارب 9کروڑ ڈالر خسارہ ہوا، جو گذشتہ سال 55کروڑ 30لاکھ ڈالر تھا، اس طرح خسارے میں 95 فیصد یا53کروڑ 40 لاکھ ڈالر اضافہ ہوا، جولائی سے نومبر کے دوران خدمات کے شعبے کی برآمدات 94 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کمی کے بعد صرف 2ارب 6کروڑ ڈالر رہیں، جبکہ درآمدی مالیت 3ارب 15کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں مالی سال جولائی تا نومبر کے دوران کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ملنے والے رقم میں کمی کے باعث خدمات کی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزید : کامرس