شامی پناہ گزینوں کے لیے 8 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا اعلا ن

شامی پناہ گزینوں کے لیے 8 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا اعلا ن

دمام(آن لائن)سعودی عرب کی جانب سے شام میں خانہ جنگی سے متاثرہ شہریوں کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریاض نے لبنان میں پناہ گزین شامیوں کے لیے آٹھ لاکھ ڈالرز کی تازہ امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے امدادی ادارے ہلال احمر اور اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے شامی پناہ گزین کے درمیان ریاض میں باہمی تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط ہوئے ہیں، جس میں شامی پناہ گزینوں کی فوری مدد کے لیے ہرسطح پر کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔خیال رہے کہ سعودی عرب نے شامی پناہ گزینوں کی خصوصی امداد کا یہ پہلا پیکیج نہیں بلکہ ریاض پچھلے تین سال سے خانہ جنگی سے متاثرہ شامی شہریوں کی مدد کر رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں مشرق وسطیٰ میں سخت سردی اور برف باری کے نتیجے میں بشار الاسد کے مظالم کے بعد نقل مکانی کرنے والے لاکھوں شامیوں کو بھی سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سعودی عرب کی آٹھ لاکھ ڈالرز کی امداد سے لبنان میں مقیم پناہ گزینوں کو اپنی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔سعودی ہلال احمر لبنان کے مہاجر کیمپوں میں پناہ گزینوں کے لیے کمبل، گرم کپڑے، ایندھن، خوراک اور ادویہ کی شکل میں مدد کرے گی۔

مزید : عالمی منظر