امریکا، کینیڈا، یورپ میں برف کا طوفان اور بارشیں،ہلاکتیں 29 ہوگئیں

امریکا، کینیڈا، یورپ میں برف کا طوفان اور بارشیں،ہلاکتیں 29 ہوگئیں

واشنگٹن(آن لائن)امریکا، کینیڈا اور کئی یورپی ممالک ان دنوں شدید بارشوں اور برف کے طوفانوں کی زد میں ہیں۔ سرد موسم کی وجہ سے حادثات میں 29 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے ہزاروں گھر کرسمس کی روشنیوں سے محروم ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق امریکا اور کینیڈا کی کئی ریاستوں کو برف کے طوفان سے ہونے والی تباہی اور سخت سردی کا سامنا ہے۔ لاکھوں افراد سرد اور تاریک کرسمس منانے پر مجبور ہوگئے کیونکہ بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ امریکا میں برف کے طوفان اور سردی سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے جبکہ کینیڈا میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں درجہ حرارت منفی 7 تک جاپہنچا ہے۔ ادھربرطانیہ میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ یہاں بھی ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہونے کے باعث کرسمس کی خوشیاں پھیکی پڑگئیں۔ 3روز کے دوران حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جنوبی اور وسطی انگلینڈ میں 50 ہزار مکانات کی بجلی غائب ہے۔ فرانس میں بھی طوفانی ہواو&ں اور بارشوں کے باعث ہزاروں لوگ بجلی سے محروم ہوگئے۔90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواوں اور تیز بارش کے باعث فرانس اور برطانیہ میں ریل اور فیری سروس کے ساتھ کئی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔

مزید : عالمی منظر